قربانی کی عید سے پہلے قربانی ہوگی ، شیخ رشید

اتوار 25 مئی 2014 21:31

قربانی کی عید سے پہلے قربانی ہوگی ، شیخ رشید

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مئی۔2014ء) فیصل آباد میں تحریک انصاف کے جلسے کے دوران رہنماؤں کے خطاب کا سلسلہ جاری ہے، اپنے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت مزدوروں کے لئے موت کا پیغام ہے۔فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ میں انتخابی اصلاحات کے لئے منعقدہ جلسے میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنما اسٹیج پر موجود ہیں۔

اپنے خطاب میں پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت مزدوروں کے لئے موت کا پیغام ہے اور امید ہے قربانی کی عید سے پہلے قربانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نا بجلی ہے، ناگیس ہے اور نہ ہی عوام کے لئے روزگار کے مواقع، لوگوں سے ان کے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے، ماضی کی کرپٹ حکومت نے 5 فیصد مہنگائی کی لیکن آج مہنگائی 9.2 فیصد تک پہنچ چکی ہے.شیخ رشید نے کہا کہ رانا ثنا ءاللہ نےتحریک انصاف کےجلسےکوناکام بنانےکیلیے میوزیکل پروگرام رکھا اور اسی وجہ سےآج عمران خان کےساتھ جلسےمیں آیاہوں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شام محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میٹرو ٹرین کے بجائے روٹی کپڑا اور مکان عوام کی اب بھی بنیادی ضرورت ہے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی ہے ، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بھارت ضرور جائیں لیکن وہاں پہنچ کر کشمیریوں کے خون کو نہ بھول جانا اور پاکستانی پانیوں پر ضرور بات ہونی چاہئے، انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نئی دلی سے شفاف انتخابات کا گر سیکھ کر بھی پاکستان آئیں ۔

اس سے قبل تحریک انصاف کےجلسے کے لئے دھوبی گھاٹ میں 20 ہزار کرسیاں لگا ئی گئیں تھیں جبکہ میدان سمیت اطراف کے تمام علاقوں میں تحریک انصاف کے پرچم، عمران خان کے بڑے بڑے پورٹریٹس اور تہنیتی کلمات پر مشتمل بورڈز آویزاں کئے گئے ، پنجاب حکومت کی جانب سے جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے جبکہ سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتطامات کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :