صوبے کے تمام غریب معذور بچوں کی تعلیم کے اخراجات حکومت برداشت کریگی،پرویزخٹک ، والدین اپنے معذور بچوں کو بوجھ نہ سمجھیں ،انکی تعلیم و تربیت پر عام بچوں سے زیادہ توجہ دیکر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنائیں ،وزیراعلی خیبرپختونخوا

اتوار 25 مئی 2014 19:44

صوبے کے تمام غریب معذور بچوں کی تعلیم کے اخراجات حکومت برداشت کریگی،پرویزخٹک ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مئی۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کا میٹرک امتحان ٹاپ کرنے والی خصوصی لڑکی حنا کو گولڈ میڈل پہنایا چودہ سالہ اس بہری و گونگی لڑکی حنا راضی خان نے مردان میں خصوصی بچوں کے تربیتی مرکز سنٹر فار سپیچ اینڈ ہیئرنگ سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد انتہائی کم عمری میں ہزاروں عام طلبہ و طالبات کے ساتھ کوہاٹ بورڈ سے میٹرک کا امتحان دیا اور نمایاں نمبروں کے ساتھ پورا صوبہ ٹاپ کرکے گولڈ میڈل حاصل کیا تاہم غربت کے باعث بچی کے والدین نے اسکی تعلیم کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا اس بات کا علم ہوجانے پر وزیراعلیٰ نے بچی کی والدہ اور پرنسپل سمیت سکول کے تمام بورڈ ارکان کو پشاور مدعو کیا اور بچی کے شاندار تعلیمی کیرئیر پر اسکے والدین اور سکول عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے بچی کی آئندہ تمام تعلیم اپنی زیرنگرانی مکمل کرنے کی ذمے لے لی وزیراعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبود ڈاکٹر مہرتاج روغانی، پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود، سکول کی پرنسپل مسز ایس فاروق، سپانسر مسز سیف اللہ طورو اور فاروق خان سمیت خصوصی بچوں کے مرکز کے انتظامی بورڈ کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے پرویز خٹک نے بچی کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے صوبے بھر کے تمام والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے معذور بچوں کو بوجھ نہیں بلکہ ذمہ داری سمجھیں اور انکی تعلیم و تربیت پر عام بچوں سے زیادہ توجہ دیکر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنائیں نیز اس بنیادی ذمہ داری کی ادائیگی میں غربت کو بھی رکاوٹ نہ بننے دیں کیونکہ کئی فلاحی تربیتی ادارے اور خداترس مخیر شہری یہ فرض نبھانے کو تیار بیٹھے ہیں وزیراعلیٰ نے غریب خاندانوں کے تمام معذور بچوں کی تعلیم وتربیت کے اخراجات صوبائی حکومت کی طرف سے برداشت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ معذور نہیں خصوصی بچے ہیں جنکی مناسب دیکھ بھال اور تعلیم وتربیت ہماری دنیوی و اخروی دونوں جہانوں میں نجات کا باعث بن سکتی ہے اور امید ظاہر کی کہ ملک بھر کے مخیر لوگ دہشت گردی سے متاثرہ صوبے کے ایسے ہی بے آسرا طبقوں کے دکھوں کا مداوابنیں گے اور فلاحی و خصوصی تربیتی اداروں کے قیام میں ہماری بھرپور مدد کرینگے انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے مرکز سنٹر فار سپیچ اینڈ ہیئرنگ مردان کے تمام زیر تعلیم 175خصوصی بچوں کیلئے سمعی معاونت کے آلات اور سالانہ گرانٹ مہیا کرنے اور اس مقصد کیلئے محکمہ سماجی بہبود کے فنڈز میں خاطر خواہ اضافے کا اعلان بھی کیا پرویز خٹک نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ملازمتوں اور پیشہ ورانہ اداروں کے داخلوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عمل یقینی بنائے گی اور واضح کیا کہ ماضی میں یہ کوٹہ بھی نظر انداز کرکے صرف منظور نظر ہٹے کٹے مگر کاہل لوگوں کی فوج بھرتی کی گئی آئندہ ایسا ہرگز نہیں ہوگا اور ہر محکمے اور شعبے میں قانون، میرٹ اور انصاف کی بالادستی یقینی بنائی جائے گی اور اس کا عملی مظاہرہ شروع ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت نے خصوصی افراد اور اقلیتوں کے کوٹے میں خاطر خواہ اضافہ کیا اور اب اگلے مالی و تعلیمی سال کے ساتھ اس پر عمل بھی اسی جذبے سے ہوگا۔