شیخ رشید نے وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کا چیلنج قبول کر لیا ،شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی کی قیمت کے حوالے سے خط دکھانے پر مستعفی ہونے کا چیلنج دیا تھا

اتوار 25 مئی 2014 19:16

شیخ رشید نے وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کا چیلنج قبول کر لیا ،شاہد خاقان ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مئی۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا 11ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ایل این جی گیس فراہمی کے حوالے سے کمپنی کاخط دکھانے کا چیلنج قبول کر لیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھاکہ جس کمپنی سے ایل این جی گیس خریداری کے لئے بات کی گئی اس نے خط لکھ کر بتایا ہے کہ وہ یہ گیس 11ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں جبکہ حکومت یہ معاہدہ 18ڈالر پر کرنے جارہی ہے ۔

اسکے جواب میں وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شیخ رشید کمپنی کا اس طرح کا کوئی خط دکھا دیں وہ وزارت سے استعفیٰ دینے کے لئے تیار ہیں ۔ شیخ رشید 11ڈالر کی بات کرتے ہیں میں 12ڈالر دینے کو تیار ہوں ۔ شیخ رشید نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں وزیر پٹرولیم کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ خط حکومت کو بھی لکھا گیا ہے اور میں جب بھی اگلے پروگرام میں آؤں گا وہ خط لاؤں گا اور یہ وزیر پٹرولیم کو بھی بھجواؤں گا۔