خضدار ، جوہر چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے آٹھ لیویز اہلکار شہید ، ایک زخمی ،ملزمان فرار ، سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ، علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پسند نہیں ہونگے ، صدر وزیر اعظم کی مذمت ، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔ تفصیلی خبر

اتوار 25 مئی 2014 14:41

خضدار ، جوہر چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے آٹھ لیویز اہلکار ..

خضدار/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مئی۔2014ء) بلوچستان کے ضلع خضدار کے قریب جوہر چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 8 لیویز اہلکار شہید ہوگئے ، واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ، صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پسند نہیں ہونگے۔

اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر وہیر کے مقام پر جوہر لیویز چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6لیویز اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تین زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو اہلکار زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے اورایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے ۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے لاشوں کو خضدار منتقل کرنے کے لئے قدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا دوسری جانب سیکریٹری داخلہ بلوچستان اکبر درانی نے واقعہ میں آٹھ اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کر دی ادھر صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذموم اور بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پسند نہیں ہونگے جبکہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔