پی سی بی کا چیرمین بننے کا شوق نہیں وزیراعظم کے کہنے پر عہدہ قبول کیا، نجم سیٹھی

جمعرات 22 مئی 2014 18:00

پی سی بی کا چیرمین بننے کا شوق نہیں وزیراعظم کے کہنے پر عہدہ قبول کیا، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22مئی 2014ء) حال ہی میں عہدے پر دوبارہ بحال ہونے والے چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے مینجمنٹ کمیٹی کو کام کرنے کی اجازت دے دی جبکہ اس حوالے سے تحریری حکم نامہ بھی مل گیا۔

(جاری ہے)

پی سی بی ہیڈکوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے مثبت اقدامات اٹھانا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ کرکٹ بورڈ کو مضبوط بنانے کے لئے ذمہ دار لوگ لانا چاہتے ہیں جبکہ بورڈ کے نئے آئین کا مسودہ وزیراعظم کو ارسال کردیا ہے اورالیکشن ہونے کے بعد سب کلئیر ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ہیں اور چیر مین کی تعیناتی انہی کی صوابدید ہے جبکہ انہیں پی سی بی کا چیرمین بننے کا کوئی شوق نہیں بلکہ وزیراعظم کے کہنے پر ہی انہوں نے یہ عہدہ قبول کیا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کو کسی قسم کی شکایت نہیں تاہم بورڈ کے اندرونی معاملات کو حل کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان کی غیر موجودگی میں بہت سے کھلاڑیوں نے فون کیا اور ان کی یہی دعا تھی کہ موجودہ مینجمنٹ برقرار رہے اور یہ کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کام کرتی رہے۔