ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس پاکستان چھوڑ گیا

پیر 19 مئی 2014 22:29

ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس پاکستان چھوڑ گیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مئی۔2014ء) امریکی خفیہ ادارے فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) کا ایجنٹ جیوئل کاکس پاکستان سے دبئی روانہ ہو گیا۔ کراچی کی مقامی عدالت کی جانب سے مقدمہ ختم ہونے کے بعد امریکی ایجنٹ جیوئل کاکس غیر ملکی ائیر لائن کے ذریعے دبئی روانہ ہو گیا ہے جہاں سے اسے امریکا لے جایا جائے گا۔ واضع رہے کہ آج کراچی کی مقامی عدالت نے امریکی ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس کے خلاف مقدمہ ختم کر دیا تھا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ پولیس رپورٹ، امریکی سفارت خانے کی جانب سے ملزم کو اسلحہ رکھنے کا مجاز قرار دینے اور اس کی محکمہ داخلہ سے تصدیق کے بعد مقدمے کا جواز باقی نہیں رہتا۔ امریکی ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس کو سخت حفاظت میں ملیر کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عدالت کے احاطے میں میڈیا کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

ائیر پورٹ پولیس نے جوئیل کاکس کے مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کیا جبکہ تفتیشی افسر نے مقدمے کو سی کلاس کرنے کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی۔ اس موقع پر امریکی قونصل خانے کی جانب سے عدالت میں ایک خط بھی پیش کیا گیا جس کے مطابق جوئیل کاکس خصوصی مشن پر تھا اور اس دوران وہ اسلحہ رکھنے کا مجاز تھا۔ جوئیل کاکس کے وکیل کا کہنا تھا کہ اسلحہ جوئیل کاکس کی ملیکت ہے لیکن اس سے کسی کو نقصان پہنچانے کی نیت ثابت نہیں ہوتی۔

عدالت نے امریکی قونصل خانے کی جانب سے پیش کئے جانے والے خط کی محکمہ داخلہ سے تصدیق کرانے کا حکم جاری کیا۔ بعد ازاں محکمہ کی جانب سے تصدیق کے بعد عدالت نے مقدمہ ختم کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی اشیاء اور زر ضمانت واپس کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ کیس سے متعلق پولیس کی رپورٹ، امریکی سفارت خانے کے خط اور اسکی محکمہ داخلہ سے تصدیق کے بعد مقدمے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :