توہین اہلبیت: اے آر وائی، مبشر لقمان، ندا یاسر و دیگر کو نوٹس

پیر 19 مئی 2014 14:52

توہین اہلبیت: اے آر وائی، مبشر لقمان، ندا یاسر و دیگر کو نوٹس

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19مئی 2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین اہل بیت پر اے آر وائی کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست پر نجی ٹی وی چینل کے چیف ایگزیکٹو، اینکرپرسن مبشر لقمان ، مارننگ شوز کی میزبان ندا یاسر اور شائستہ لودھی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے شہداء فاونڈیشن کی جانب سے توہین اہل بیت پر اے آر وائی کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست کی سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار طارق اسد ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ صرف جیو کے خلاف محاز آرائی کے لئے معاملے کو اچھالا جا رہا ہے، یہی اقدام دیگر چینلز پر بھی ہوا انکے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا کہ مبشر لقمان سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی مسلسل کردار کشی کر رہے ہیں۔

جسٹس نورالحق قریشی نے کہا کہ آپ یہ بات کہہ کر عدالت سے جذباتی فیصلہ نہیں لے سکتے، عدلیہ پر کوئی بات آئے تو تب بھی وہ آنکھیں، کان بند کر کہ فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا میں بھی یہ معاملہ چل رہا ہے آپ وہاں جا کر شکایت درج کیوں نہیں کراتے۔

طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنی درخواست میں قوالی کے شاعر اور گانے والا دونوں اصل فساد کی جڑ ہیں جس پر جسٹس نور الحق قریشی نے کہا کہ پیمرا کو کیسے ہدایت دیں کہ شاعر کو الٹا لٹکا دو۔عدالت نے اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹو ، مبشر لقمان اور ندا یاسر سمیت، اسلامی نظریاتی کونسل اور چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

عدالت نے فریقین شائستہ لودھی، سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین پیمرا کو بھی نوٹس جاری کیے۔اس کے علاوہ عدالت نے معروف قوال امجد صابری سمیت قوالی کے شاعر عقیل محسن نقوی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔