پنجاب حکومت نے قائد اعظم سولر پارک میں ایک ہزار میگا واٹ کا منصوبہ خود لگانے کا فیصلہ کر لیا ، صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے توانائی بحران پر جلد سے جلد قابو پانا بے حد ضروری ہے،بجلی بحران کا خاتمہ ہمارا عزم ہے،قائد اعظم سولر پارک میں 100میگا واٹ کا سولر پاور کا منصوبہ دسمبر 2014 میں مکمل ہوجائیگا‘ وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

اتوار 18 مئی 2014 16:53

پنجاب حکومت نے قائد اعظم سولر پارک میں ایک ہزار میگا واٹ کا منصوبہ خود ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں قائد اعظم سولر پار ک میں سولر منصوبے پر پیشرفت کا جائز ہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،چیئرمین قائد اعظم سولر پارک کمپنی ، چیئرمین پیڈمک اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں ایک ہزار میگا واٹ سولر پاور کا منصوبہ خود لگائے گی اور اس مقصد کے لئے آ ئندہ مالی سال کے بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے توانائی بحران پر جلد سے جلد قابو پانا بے حد ضروری ہے۔ بجلی کے بحران کا جلد سے جلد خاتمہ ہمارا عز م ہے۔

(جاری ہے)

توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہاہے۔ کوئی بھی لمحہ ضائع کئے بغیر توانائی کے حصول کے منصوبے تیزی سے لگائے جا رہے ہیں۔

قائد اعظم سولر پارک میں 100میگا واٹ کا سولر پاور کا منصوبہ دسمبر 2014 میں مکمل ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ پنجاب میں سولر پاورمنصوبے لگانے کے امکانات کے حوالے سے مقامات کا سروے کیا جائے اور پوٹینشل مقامات پر سولر منصوبے لگانے کا جائزہ لیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے حکومت کی مخلصانہ اور سنجیدہ کاوشیں رنگ لائیں گی۔ملک سے بجلی کے اندھیرے جلد دور ہوں گے،قوم کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات ملے گی ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی نے قائد اعظم سولر پارک کے منصوبے پر پیشر فت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :