تشدد کا شکار پاکستانی طالبعلم وطن واپس پہنچ گئے

ہفتہ 17 مئی 2014 14:40

تشدد کا شکار پاکستانی طالبعلم وطن واپس پہنچ گئے

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17مئی 2014ء) ہندوستانی یونیورسٹی میں تشدد کا شکار ہونے والے پاکستانی طالب علم وطن واپس پہنچ گئے۔ علی حسن رضا کو گزشتہ روز ہندوستانی وزارت داخلہ سے اجازت ملنے کے بعد پاکستان واپس لوٹنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ڈان نیوز کے مطابق انڈین ریاست تامل ناڈو کی پونڈی چری یونیورسٹی میں اسکالر شپ پر ایم اے ساؤتھ ایشئین اسٹیڈیز کی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم علی حسن رضا پر تیرہ مئی کو نامعلوم افراد نے تشدد کیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ہائی کميشن کی کاوشوں سے علی نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچ گئے ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں علی حسن کا کہنا تھا کہ اپنے قدموں پر چل کر وطن واپس آنے پر وہ بہت خوش ہیں، دو سالہ تعلیم کے دوران کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا لیکن واقعے کے روز آدھی رات کے بعد نامعلوم افراد نے بلا وجہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا ۔

علی حسن کے والد احمد رضا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو کبھی ہندوستان نہیں بھیجیں گے۔ دوسری جانب ہندوستانی پولیس تاحال حملے کے پیچھے وجوہات کا پتہ لگانے میں ناکام رہی ہے۔ تحقیقات کرنے والے سب انسپکٹر وی سیواکمار نے شبہہ ظاہر کیا تھا کہ حملہ آوروں نے پاکستانی طالبعلم پر تشدد غلط شناخت کے باعث کیا۔