انڈر 19 کرکٹ صر ف رینجنز تک محدود کرنیکا فیصلہ، محکموں کی جونیئر ٹیمیں ختم ہوجائینگی

بدھ 14 مئی 2014 13:06

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14مئی 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیا پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ڈپارٹمنٹل اور ریجن کی ٹیمیں ایک ساتھ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلیں گی ، اس سلسلے میں انگلش فرسٹ کلاس ڈھانچے کو ماڈل بنایا گیا ،نئے ٹورنامنٹ میں ٹیموں کی خراب کارکردگی کے بعد تنزلی کردی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ سال ریجن اور ڈپارٹمنٹ کے الگ الگ ون ڈے اور فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ ہوئے تھے ، اس بار میچوں کی تعداد کم کرکے کوالٹی کرکٹ کو اہمیت دی جارہی ہے۔

ایک جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو ختم کرنے کا پلان منسوخ کردیا دوسری جانب ملک میں انڈر19 ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو ختم کیا جارہا ہے جبکہ نئے فرسٹ کلاس سیزن میں ڈپارٹمنٹل اور ریجنل ٹیموں کے درمیان انگلش کاؤنٹی کی طرز پر اے اور بی ڈویژن لیگ کرانے کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

امکان ہے کہ (آج)جمعے کو پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک کرکٹ کے بارے میں اپنی میٹنگ میں حتمی فیصلہ کرے گا۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس ڈھانچے میں تبدیلی کا ہارون رشید کا پلان بری طرح ناکام ہوگیا۔ ظہیر عباس، اقبال قاسم ، ہارون رشید اور شکیل شیخ پر مشتمل کمیٹی نے ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو ختم کرنے کے منصوبے کو مسترد کردیا۔ اب نئے مجوزہ پلان کے تحت انڈر19 ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو ختم کردیا جائے گا۔ پی آئی اے اور پورٹ قسم کی انڈر19 ٹیمیں متحرک نہ تھیں اب پی سی بی کی ہدایت پرنیشنل بینک، زرعی ترقیاتی بینک،کے آر ایل اور اسٹیٹ بینک کی ٹیموں کو ختم کیا جارہا ہے۔

نئے سیزن میں ڈپارٹمنٹل انڈر19 ٹیمیں کسی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ انڈر19 ٹورنامنٹ کو صرف ریجنز کے لئے مخصوص کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ سیزن میں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں انگلش کاؤنٹی کے طرز پر اے اور بی ڈویژن لیگ ہوگی۔ اے ڈویڑن میں گذشتہ سال کی ریجن کی چھ ٹاپ ٹیمیں حصہ لیں گی ان کے ساتھ گذشتہ سال کی چھ ڈپارٹمنٹل ٹیمیں ہوں گی۔

بی ڈویژن میں گذشتہ سال کے ڈپارٹمنٹل اور ریجنل ٹورنامنٹ میں آخری نمبروں پر آنے والی چھ چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ڈپارٹمنٹل اور ریجن کے ٹورنامنٹ میں الگ الگ نہیں ہوں گے۔ سیزن کے اختتام پر آخری نمبر حاصل کرنے والی ٹیموں کی تنزلی ہوجائے گی۔ دونوں ٹورنامنٹ فرسٹ کلاس ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ فرسٹ کلاس ڈھانچے کو قانونی حیثیت دینے کے لئے اسے نئے آئین کا بھی حصہ بنائے گا۔ نئے آئین میں چیئرمین کے ساتھ ساتھ منیجنگ ڈائر یکٹر کا نیا عہدہ بھی متعارف کرایا جائیگا۔ ایم ڈی چیئر مین کے بعد سب سے با اثر ہوگا جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر کی پوسٹ ختم کردی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :