Live Updates

طالبان کے ساتھ موجودہ مذاکرات قوم کے ساتھ ایک مذاق ہے ،مولانا فضل الرحمن ،کمیٹیوں میں شامل افرادحکومت اور طالبان کے معاہدہ کی اہلیت نہیں رکھتے ، جب تک حکومت پارلیمنٹ اور قبائلی جرگے کے زریعے طالبان سے مذاکرات نہیں کرے گی اس وقت تک مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے ، معروف قبائلی شخصیت اور قبائلی جرگے کے روح رواں ملک قادر خان کا قتل کھلی دہشت گردی ہے ، پریس کانفرنس سے خطاب ، عمران خان کو میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ میں موجود بعض حلقے اہمیت دے رہے ہیں ، کے پی کے حکومت خود دھاندلی کی پیداوار ہے عمران خان کو صرف چار حلقوں میں ہی دھاندلی کیوں نظر اتی ہے؟ سربراہ جے یو آئی

منگل 13 مئی 2014 20:22

طالبان کے ساتھ موجودہ مذاکرات قوم کے ساتھ ایک مذاق ہے ،مولانا فضل الرحمن ..

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ موجودہ مذاکرات قوم کے ساتھ ایک مذاق ہے کمیٹیوں میں شامل افرادحکومت اور طالبان کے معاہدہ کی اہلیت نہیں رکھتے ، جب تک حکومت پارلیمنٹ اور قبائلی جرگے کے زریعے طالبان سے مذاکرات نہیں کرے گی اس وقت تک مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میوہ خیل ہاؤس بنوں میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر وفاقی وزیر اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اکرم خان درانی جے یو آئی کے امیر قاری محمدعبداللہ ،سینئرنائب امیر حاجی محمدنیاز خان ،ملک انعام خان ،ملک نیاز خان ،ملک نعیم خان ،سید حامد شاہ بھی موجود تھے انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں اہم شخصیات اور علماء کرام کا قتل ایک افسوسناک امر ہے اور اس سے زیادہ افسوسناک ایسے سانحوں پر حکومتی حلقوں اور پولیٹکل انتظامیہ کی خاموشی ہے انہوں نے کہاکہ معروف قبائلی شخصیت اور قبائلی جرگے کے روح رواں ملک قادر خان کا قتل کھلی دہشت گردی ہے اور ہم گورنر خیبر پختونخوا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے قاتلوں کو فوری طور گرفتار کرکے قبائلی شخصیات کو تحفظ فراہم کیا جائے انہوں نے کہاکہ حکومت نے قبائلی علاقوں میں اپریشن کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے گذشتہ کئی روز سے شمالی وزیر ستان ایجنسی کے عوام غیر اعلانیہ آپریشن کا شکار ہیں ہمیں بتایا جائے کہ یہ آپریشن دہشت گردوں کے خلاف ہے یا بے گناہ قبائلی عوام کے خلاف ہے آئے روز بمباری میں بے گناہ قبائلی شہید ہوتے ہیں اور ان کی املاک اور دکانوں کو نقصان پہنچتا ہے انہوں نے کہاکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات ایک ڈھونگ ہے جس کا مقصد قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن کو جواز فراہم کرنا ہے موجودہ مذاکرات میں کوئی سنجیدگی نہیں ہے جس سطح کے لوگ مذاکرات کر رہے ہیں تو یہ قیامت کی علامات کیلئے کافی ہیں انہوں نے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات پوری قوم کی نمائندہ پارلیمنٹ اور قبائلی جرگوں کے ذریعے کئے جائیں کیونکہ قبائلی جرگے قبائلی روایات سے واقف اور معاملات کو بہتر انداز میں سلجھا سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ عمران خان کو میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ میں موجود بعض حلقے اہمیت دے رہے ہیں اس نے پوری زندگی میں کوئی معقول کا م نہیں کیا ہے اس کو اہمیت دینا ملک و قوم کے ساتھ زیادتی ہوگی کے پی کے حکومت خود دھاندلی کی پیداوار ہے عمران خان کو صرف چار حلقوں میں ہی دھاندلی کیوں نظر اتی ہے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان ہر مسئلے پر یو ٹرن لیتے ہیں ان کا دوسرا نام یو ٹرن خان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام کی سیاست اصولوں پر مبنی ہے ہم قرآن پاک کے متعین کردہ اصولوں کے مطابق سیاست کرتے ہیں موجودہ حکومت کی اتحادی ہونے کے باوجود اس کے ہر غلط کام کی بھرپور مخالفت کی ہے اور اچھے اقدام کی حمایت کی ہے اپنے موجودہ حکومت کے ساتھ اصولی اختلافات کی وجہ سے ہمارے دو وزرا نے استعفیٰ دیا ہے اور میں نے بھی وفاقی وزیر کے برابر مراعات لینے سے انکار کر دیا ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ دینے والوں کی کارکردگی سب دیکھ رہے ہیں انہوں نے کہاکہ ملک کے اندر بعض اداروں کے مابین اختلافات کو بہت زیادہ ہوا دی جارہی ہے میڈیا مالکان آپس میں بیٹھ کر اپنے لئے ضابطہ اخلاق بنائیں اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرائیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق پارلیمنٹ کی مشترکہ قراردادوں اور قومی سلامتی کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات کی روشنی میں ملک کی خارجہ پالیسی بنائی جائے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات