پشاور ہائیکورٹ نے لاپتہ وکیل کے کیس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سے وضاحت طلب کرلی

منگل 13 مئی 2014 20:07

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) پشاور ہائیکورٹ نے لاپتہ وکیل کے کیس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سے وضاحت طلب کرلی۔چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ملک منظور پر مشتمل دو رکنی بنچ نے چار سال سے لاپتہ زین خیل ایڈوکیٹ کے مقدمے کی سماعت کی۔ پولٹیکل ایجنٹ خیبر اور سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل وقار احمد نے عدالت کو بتایا کہ فاٹا سے متعلق مقدمات اب ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا دیکھتے ہیں اور مذاکراتی عمل میں بھی وہ شامل ہیں اس لئے وہی زین خلیل ایڈوکیٹ کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کرسکتے ہیں ۔

پی اے خیبر نے عدالت کو بتایا کہ بازارگئی ذخہ خیل میں وکیل کی موجودگی کی اطلاع تھی ۔وہاں آپریشن کیا گیا لیکن مغوی کی بازیابی نہ ہو سکی ۔عدالت کو بتایاگیا کہ زین ایڈوکیٹ تحریک طالبان کی قید میں ہیں ۔ چیف جسٹس نے سماعت تین جون تک ملتوی کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا کو وضاحت کیلئے اگلی پیشی پر طلب کرلیا۔