کراچی ،دھلی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈرائیور سمیت جاں بحق ،موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے فائرنگ کی ۔ڈاکٹر منظور میمن کو نائن ایم ایم پستول کی 2گولیاں لگیں ،جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے،ایس ایس پی ساوٴتھ فیصل بشیر

منگل 13 مئی 2014 19:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افرادکی فائرنگ سے جناح اسپتال کے میڈیکو لیگل آفیسر اور ان کے ڈرائیورجاں بحق ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر منظور میمن اسپتال سے اپنے فرائض کی انجام دہی کے بعد گھر واپس جارہے تھے کہ کلفٹن کے علاقے دہلی کالونی کے قریب پہلے سے ہی گھات لگائے بیٹھے موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد ان کی گاڑی ANF-563ٹویوٹا کرولا پر فائرنگ کردی ۔

جس کے نتیجے میں دونوں افرادشدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کیاجارہاتھاکہ45سالہ ڈاکٹرمنظورمیمن راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ان کے ڈرائیور40سالہ عاشق علی بھی جناح اسپتال پہنچتے ہی دم توڑگئے ۔

(جاری ہے)

جناح اسپتال کی ڈائیریکٹر سیمی جمالی نے تصدیق کرتے ہو ئے کہاہے کہ فائرنگ سے جناح اسپتال کے ڈاکٹرمنظورمیمن اوران کاڈرائیورجاں بحق ہو گئے ۔

ایس ایس پی ساوٴتھ فیصل بشیر کے مطابق ڈاکٹرمنظور میمن اسپتال سے گھر جارہے تھے ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے فائرنگ کی ۔ڈاکٹر منظور میمن کو نائن ایم ایم پستول کی 2گولیاں لگیں ،جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے جبکہ ان کا ڈرائیور عاشق شدید زخمی ہوا ،جسے فوری طور ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر منظور میمن نے اپنے اوپر حملے سے قبل ملیر میں رینجرز کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے لیاری گینگ وار کے ملزم کا میڈیکل سرٹیفکیٹ تیار کیا تھا۔واضح رہے کہ اپنی موت سے چند گھنٹے قبل ڈاکٹر منظور میمن نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے ۔انہوں نے حکومت سے سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔