لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو 3 دن کے اندر پانی کی ٹینکیوں کی صفائی کرانے کی ہدایت،3 دن بعد دوبارہ واٹر سیمپل لئے جائینگے،سرکاری ہسپتالوں کے ٹیوب ویلوں کے ساتھ کلورینیشن پلانٹ نصب کرنے کی ہدایت

منگل 13 مئی 2014 19:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی ہدایت پرمنگل کے روز محکمہ صحت میں تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری صحت(ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد نے کی ۔اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں کے واٹر سیمپلزکی رپورٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں تمام سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو3 دن کے اندر پانی کی ٹینکیوں کی صفائی کرانے اورنلکوں کے ساتھ واٹر فلٹرز لگانے کی ہدایت کی گئی۔ڈاکٹر سلمان شاہد نے کہا کہ 3 دن بعد دوبارہ واٹر سیمپل لئے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ پانی کے نلکوں کے ساتھ لگائے جانے والے فلٹرز کو بروقت تبدیل کیا جائے تاکہ ہسپتال آنے والے لوگوں کو صاف پانی میسر آتا رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے ٹیوب ویلوں کے ساتھ کلورینیشن پلانٹ نصب کئے جائیں۔ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ نے کہا کہ ہسپتالوں کے واٹر ٹینکس کی صفائی اور کلورینیشن کے بارے میں پورے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جارہی ہیں اور اس سلسلہ میں طے شدہ ایس اوپیز کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا کہ واٹر کلورینیشن میں استعمال ہونے والی دوائی کی مقدار اور دیگر ضروری امور کے بارے میں لاہور کے تمام ٹیچنگ اورڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے سینٹری انسپکٹرز کو فوری طور پر ایک دن کی تربیت فراہم کی جائے گی جس کے لئے 14 مئی کو انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں سینی ٹیشن اور واٹرکلورینیشن کی ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے گا۔

اجلاس میں ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر معاذ احمد اور ماہر وبائی امراض پروفیسر فرخندہ کوکب نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :