عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے،صوبائی وزیر علی نواز خان مہر

منگل 13 مئی 2014 19:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء)سندھ کے وزیر ایگریکلچر ، بیوروآف سپلائی اینڈ پرائسز علی نواز خان مہر نے کہاہے کہ عوام کی خدمت پیپلز پارٹی کا شعار ہے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے راجہ ہاوٴس گھوٹکی میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کھلی کچہری میں حلقہ کے عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی اوراپنے مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرکے ہمراہ متعلقہ افسران اورپیپلز پارٹی کے مقامی رہنمابھی موجودتھے ۔صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ پارٹی کے چیئرمین نے بلاول بھٹوزرداری کی ہدایت کی روشنی میں وزراء کھلی کچہریاں لگارہے ہیں اورعوام کے درمیان عوامی مسائل کے حل کے لئے موجوداورہمہ وقت کوشاں ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنے تمام ادوار میں بھرپوراقدامات کئے تھے موجودہ عوامی حکومت بھی محترمہ کے ویژن کی روشنی میں آگے بڑھ رہی ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے بعض شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔