عوام کو صحت کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،گورنر سندھ ، حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو صحت کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کررہی ہے،ڈاکٹرعشرت العباد خان

منگل 13 مئی 2014 19:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو صحت کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کررہی ہے ،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت قائم امراض قلب کا ادارہ کراچی انسٹیٹیوٹ بھی روزانہ ہزاروں مریضوں کی نگہداشت میں مصروف ہے یہ پہلا امراض قلب کا ادارہ ہے جس کی مکمل مالی معاونت کی ذمہ داری بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزز کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد صدیقی، پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے سربراہ ڈاکٹر وقار کاظمی اور کے آئی ایچ ڈی کے سربراہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گورنر سندھ کو اسپتال کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ادارہ غریبوں کے لئے زندگی کی نوید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو جن مالی مسائل کا سامنا ہے اسے دور کرنے کے لئے حکومت سندھ سے رجوع کیا جائے تاکہ بروقت فنڈز مہیا ہوسکیں اور عوام کو بھی کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ حساس نوعیت کی بیماری کی تشخیص و علاج کا کام کرتا ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ ادارہ نہ صرف مالی طور پر مستحکم ہو بلکہ اس کے پاس ماہر افرادی قوت بھی موجود ہو جس میں ٹیکنیشن اور نرسنگ اسٹاف شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے سے منسلک ڈاکٹرزکا معاشرے میں امراض قلب کی تشخیص و علاج کے حوالے سے ایک منفرد مقام ہے عوام کی ایک بڑی تعداد کا اس ادارہ پر بھروسہ اس کی واضح مثا ل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح امراض قلب کی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے لہذا ادارے کو وسعت اور جدید ترین مشینری فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی تن تنہا مالی بوجھ نہیں اٹھا سکتی ہے ضروری ہے کہ اس ضمن میں مخیر حضرات سے بھی مدد لی جائے ۔

انہوں نے کہا کہKMDC سے منسلک ہونے کی وجہ سے ادارہ ڈاکٹرز کے لئے ایک تربیت گاہ کا کام بھی کررہاہے جہاں مستقبل کے ڈاکٹرز کو پیچیدہ مرض کو سمجھنے کا بھرپور موقع مل رہا ہے اور وہ اپنے سینئر ڈاکٹرز کے تجربے سے فائدہ اٹھانے میں بھی کامیاب ہورہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :