وزیراعظم کا نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی کلاسز کا ملک بھر میں آغاز کر دیا گیا

منگل 13 مئی 2014 18:42

وزیراعظم کا نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی کلاسز کا ملک بھر میں آغاز کر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مئی۔2014ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمشن ( نیوٹیک) نے صوبائی ٹیوٹاز کے زیر انتظام اور نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے ملک بھر کے معروف350 ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں 100 سے زائد مختلف پیشوں میں پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کم تعلیم یافتہ 25 ہزار بیروزگار لڑکوں اور لڑکیوں کو ہنر مند بنانے کے پروگرام کا آغاز 12 مئی 2014 ء بروز پیر سے کر دیا ہے - ان 25 ہزار زیر تربیت نوجوانوں میں سے ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد لڑکیوں کو ہنر مند بنایا جائے گا -اس پروگرام کا دائرہ کار پنجاب ‘ سندھ‘ خیبر پختونخواہ‘ آزاد جموں و کشمیر ‘ گلگت بلتستان اور فاٹا تک پھیلا ہوا ہے-یہ پروگرام بالکل مفت ہے نہ کوئی داخلہ فیس اور نہ کوئی کورس فیس بلکہ 2 ہزار روپے فی کس ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا - جبکہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو 3 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا -نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد حنیف کے مطابق تقریبا 72 ہزار درخواست دہندگان میں سے ہنرمندی کی تربیت کیلئے 25 ہزار لڑکوں اور لڑکیوں کے حتمی انتخاب کے لئے پورے ملک میں 21 اپریل سے 7 مئی تک انٹرویوز کا مرحلہ مکمل کیا گیا ہے اور انٹرویوکے مرحلے کی سو فیصد شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پرائم منسٹر یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرامز کی چیئرمین پرسن میڈم مریم نواز کی جانب سے پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے نامزد کردہ چیف کوآرڈینیٹر ز اوررکن قومی اسمبلی میڈم مائزہ حمید گجر اور میڈم شازہ فاطمہ نے لاہور ‘ کراچی ‘ اسلام آباد ‘ پشاور اور کوئٹہ جا کر سارے عمل کا خود مشاہدہ کیا ہے - جس کے بعد کورسز کرنے کے اہل نوجوانوں کی حتمی فہرستیں تمام انسٹیٹوٹس کے نوٹس بورڈ ز پر 9 مئی کو آویزاں کر دی گئیں اور 12 مئی سے بیک وقت ملک بھر میں اس پروگرام کے پہلے مرحلے کا کامیابی سے آغاز کر دیا گیا ہے - واضح رہے کہ 27 منتخب پیشوں کے کورسز کی تکمیل پر کامیاب نوجوانوں کو انکی ٹول کٹس بھی بالکل مفت فراہم کی جائیں گی -

متعلقہ عنوان :