جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے ایک سال میں ایک ارب 50 کروڑ ڈالر تک یورپی یونین کو ہماری برآمدات میں اضافہ ہو گا ، رانا تنویر حسین ،صرف ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ایک لاکھ ملازمین میسر آئینگے ، پاکستان سے سعودی عرب کیلئے ڈیری مصنوعات پر کوئی پابندی نہیں ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے راولپنڈی اسلام آباد میں مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، مونا باؤ کھوکھرا پار ریل لنک معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں، دونوں اطراف سے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے بعد زمینی راستہ کو زیر غور لایا جائیگا ،وقفہ سوالات میں پیر صدر الدین راشدی کا اظہار خیال ، پاکستان کرکٹ بورڈ خسارے میں نہیں ، پاک بھارت سیریز ہو تو کرکٹ بورڈ کو بہت زیادہ آمدن ہوتی ہے ،ریاض حسین پیر زادہ ،جولائی سے مارچ 2014ء تک کاٹن کلاتھ کی برآمدات میں 12.26 فیصد اضافہ، متحدہ عرب امارات کے تعاون سے باجوڑ میں جدید ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے ،عباس خان آفریدی

پیر 12 مئی 2014 23:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی۔2014ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے ایک سال میں ایک ارب 50 کروڑ ڈالر تک یورپی یونین کو ہماری برآمدات میں اضافہ ہو گا ، صرف ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ایک لاکھ ملازمین میسر آئیں گے ، پاکستان سے سعودی عرب کیلئے ڈیری مصنوعات پر کوئی پابندی نہیں ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے راولپنڈی اسلام آباد میں مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، مونا باؤ کھوکھرا پار ریل لنک معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں، دونوں اطراف سے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے بعد زمینی راستہ کو زیر غور لایا جائیگا۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بتایا کہ جی ایس پی پلس سے ایک سال میں ایک ارب 50 کروڑ ڈالر تک یورپی یونین کو ہماری برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

صرف ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ایک لاکھ ملازمین میسر آئیں گے۔ روپے کی قدر مستحکم ہو گی، گزشتہ 9 ماہ میں روپے کی قدر میں 96 سے 104 سے فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ وزارت تجارت کی جانب سے رانا تنویر نے بتایا کہ 2013-14ء کے دوران 13 ہزار 875 جانور برآمد کئے گئے، یکم اکتوبر 2013ء سے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے زندہ جانوروں کی برآمد پر پابندی عائد کر دی تھی، پاکستان سے سعودی عرب کیلئے ڈیری مصنوعات پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن سعودی عرب کو ڈیری کی مصنوعات محدود ہیں رانا تنویر حسین نے بتایا کہ پاک افغان مشترکہ ایوان صنعت و تجارت نے 2012ء سے کام شروع کیا ہے، مشترکہ ایوان کے اراکین کی کل تعداد 407ء ہے، پاک افغان تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ارادہ ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پلاسٹک پائپ کی درآمد میں درآمدی پالیسی آرڈر میں بین الاقوامی معیارات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل پیر صدر الدین شاہ راشدی نے بتایا کہ پاکستانی تارکین وطن کے مسائل کے حل کے لئے حکومت اپنے تمام وسائل برائے کار لائے گی۔ حکومت نے او پی ایف ہیڈ کوارٹرز میں نادرا سوفٹ سنٹر قائم کیا ہے، اسلام آباد راولپنڈی سے ایئرپورٹ تک پاکستانی تارکین وطن کو مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جاتی ہے، سیالکوٹ، گوادر، تربت میں ایئرپورٹ سہولت مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

آسیہ ناز تنولی کے سوال کے جواب میں پیر صدر الدین شاہ راشدی نے بتایا کہ او پی ایف نے پشاور میں 2013ء میں ایک ووکیشنل ٹریننگ سنٹر قائم کیا ہے، سوات، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں چار نئے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے بتایا کہ کراچی میں بھارت ڈپٹی ہائی کمشنر کا دفتر اور بھارت میں پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کا دفتر کھولے گی، اس وقت کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

ممبئی میں پاکستان کا قونصلیٹ اور کراچی میں بھارت کا قونصلیٹ دوبارہ کھولنے کے لئے وقتاً فوقتاً بات چیت ہوتی ہے، مونا باؤ کھوکھرا پار ریل لنک معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں، یہ پاک بھارت مذاکراتی ایجنڈے کا حصہ ہے، دونوں اطراف سے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کے بعد زمینی راستہ کو زیر غور لایا جائے گا، 2008ء سے 2013ء تک دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے 2 لاکھ 63 ہزار 375 ویزے جاری کئے۔

دوطرفہ ویزوں میں اضافہ کی فی الحال کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے زاہد حامد نے وزارت خارجہ کی طرف سے بتایا کہ اس وقت ریاض میں 809، جدہ میں 760 اور ملائیشیا میں 230 پاکستانی قید ہیں، ہمارے مشنز نے ان کا دورہ کر کے انہیں سہولیات دی ہیں ان میں جن پر سے مقدمات ختم ہو رہے ہیں ان کو ٹکٹ بھجوا کر وطن واپس لایا جاتا ہے۔ ملائیشیاء میں زائد المیعاد قیام پر پاکستانیوں سے وہاں کی مقامی کرنسی میں 500 جرمانہ لیا جاتا ہے، رعایت صرف پاکستانیوں کے لئے ہے۔

وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ نیشنل کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچ کو دیئے جانے والا مشاہرہ بین الاقوامی کرکٹ کوچز کے رائج العمل ریٹس کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جب سیریز ہو تو کرکٹ بورڈ کو بہت زیادہ آمدن ہوتی ہے، بیرون ملک سے کرکٹ ٹیموں کے لئے نہ آنے کی وجہ سے نقصان ہوتا ہے، تاہم کرکٹ بورڈ خسارے میں نہیں ہے۔

طاہرہ بخاری کے سوال کے جواب میں ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سیاحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل کر دیا گیا ہے، پی ٹی ڈی سی کی بحالی کے لئے وزیراعظم کا ایک پیکج آ رہا ہے جس سے ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں گی، پی ٹی ڈی سی ایک ایکٹ کے تحت معرض وجود میں آیا تھا، یہ صوبوں کو منتقل نہیں ہو سکتی تاہم گزشتہ دور میں یہ دھکے سے صوبوں کو دیا گیا جس سے مسائل پیدا ہوئے، اب وزیراعظم اس کے لئے ایک پیکج دے رہے ہیں، دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان میں سیاحت کو تھائی لینڈ یا دیگر ممالک کی طرح مواقع نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر ٹیکسٹائل انڈسٹری عباس خان آفریدی نے ایوان کو بتایا کہ جولائی سے مارچ 2014ء تک کاٹن کلاتھ کی برآمدات میں 12.26 فیصد اضافہ ہوا ہے اس سے ظاہر ہوتا یہ کہ لوم آپریشنز میں اضافہ ہوا ہے اس سے مزید لوگوں کو روزگار دیا جائے گا۔عباس آفریدی نے بتایا کہ جولائی سے مارچ 2014ء تک کپڑے کی برآمدات میں 7، اونی ملبوسات 9 اور نیٹ ملبوسات میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

عباس خان آفریدی نے بتایا کہ نئی ٹیکسٹائل پالیسی کا کام 30 جون 2014ء تک مکمل کر لیا جائے گا، یہ پالیسی 2014 سے 2019 کے لئے ہو گی۔ وزارت ریاستیں و سرحدی علاقہ جات کی جانب سے عباس خان آفریدی نے بتایا کہ فاٹا میں 124 ہیلتھ مراکز تنازعہ کے دوران ناقابل رسائی ہونے یا تباہ ہونے یا سیکورٹی فورسز کے زیر استعمال ہونے کی وجہ سے غیر فعال ہیں۔ شہاب الدین خان کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے تعاون سے باجوڑ میں جدید ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے