Live Updates

پیپلز پارٹی نے عمران خان کے مطالبات کی حمایت کر دی

پیر 12 مئی 2014 12:54

پیپلز پارٹی نے عمران خان کے مطالبات کی حمایت کر دی

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مئی 2014ء) پیپلز پارٹی نے آزاد الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کے حوالے سے عمران خان کے موقف کی تائید کر دی۔ نواز لیگ کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو سے کوئی انکاری نہیں۔ عمران خان نے گزشتہ روز ڈی چوک میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران آزاد الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کا جو مطالبہ کیا ہے۔ شرجیل میمن اور سینیٹر اعتزاز احسن بھی اس موقف کے حامی نکلے۔

شرجیل میمن کہتے ہیں شفاف انتخابات کیلئے بایو میٹرک سسٹم اور آزاد الیکشن کمیشن ہونا چاہیے۔ سینیٹر اعتزاز احسن نے لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کے مطالبات کی تائید کی۔ اعتزاز احسن نے کہا الیکشن کمیشن کی تشکیل نو ہونی چاہیے، عمران خان کا حق چھینا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

ادھر پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ کہہ چکے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو سے کوئی انکاری نہیں۔

عمران خان سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی جانب سے الیکشن کمیشن میں مداخلت بارے اپنی تقاریر میں کئی بار تذکرہ کر چکے ہیں جس کی تائید سابق الیکشن چیف الیکشن کمیشن فخرالدین ابراہیم نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کی ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بار بار مداخلت کرنے پر عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ادھر سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے بھی فخرالدین جی ابراہیم کے بیان کی تائید کر دی وہ دنیا نیوز سے بات کر رہے تھے انہوں نے کہا سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے الیکشن کمیشن کو دباؤ میں رکھا اور مداخلت کر کے آرٹیکل 219 کی خلاف ورزی کی۔

کنور دلشاد نے کہا الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسروں کو تمام اختیارات تفویض کر دیتا ہے الیکشن کمیشن کو بااختیار بنانے کے لیے آئین میں ترمیم کرنا پڑے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :