شعیب اختر کا آئی سی سی سے فاسٹ بولرز کے ’’ہاتھ کھولنے‘‘ کا مطالبہ

ہفتہ 10 مئی 2014 11:59

شعیب اختر کا آئی سی سی سے فاسٹ بولرز کے ’’ہاتھ کھولنے‘‘ کا مطالبہ

دبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مئی 2014ء) شعیب اختر نے آئی سی سی سے فاسٹ بولرز کے ’’ہاتھ کھولنے‘‘ کا مطالبہ کر دیا، ان کے مطابق قوانین میں تبدیلی سے ہی معیاری پیسرز سامنے آ سکیں گے۔ دبئی میں ایک خلیجی اخبار کو انٹرویو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کرکٹ کا معیار گر چکا ہے، مجھے صرف پاکستان،بھارت یا براعظم ایشیاکے ممالک سے ہی اچھے فاسٹ بولرز منظرعام پر آنے کی امید ہے، انھوں نے مزید کہا کہ شائقین کوتیز رفتار بولنگ سے محبت ہے لیکن حالیہ قوانین نے ان کے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں، میری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے درخواست ہے کہ وہ پیسرز پر عائد پابندیوں کو نرم کریں ، اسی صورت حقیقی فاسٹ بولرز سامنے آ سکیںگے۔

شعیب اختر نے مزید کہا کہ بیٹسمین کو دہشت زدہ کرنا میری بولنگ کا ایک چھپا ہتھیار تھا، البتہ گراؤنڈ سے باہر میں خاموش اور دوستانہ مزاج رکھتا ہوں۔

(جاری ہے)

شعیب اختر نے متعدد بار100میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کی ہے، انھوں نے کہا کہ حریف پلیئر کو دہشت زدہ کرنا فاسٹ بولنگ آرٹ کا ایک حصہ ہے، اس کا تعلق کسی کو صرف زخمی کرنا یا اننگز سے باہر کرنا نہیں ہوتا، انھوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے لوگ اب بھی یہی سوچتے ہیں کہ میں کھیل سے الگ ہونے کے باوجود جارحانہ مزاج رکھنے والا شخص ہوں، البتہ میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ گراؤنڈ سے باہر پُرسکون اور دوستانہ مزاج کا حاصل انسان ہوں۔

یاد رہے کہ شعیب اختر نے ایک مرتبہ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز پر سابق عظیم بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کیا تھا،38 سالہ پیسر نے کہا کہ ان 2دو گیندوں نے مجھے شہرت دی تھی۔

البتہ سابق ویسٹ انڈیز عظیم بیٹسمین برائن لارا کے سر پر گیند لگنا افسوسناک لمحہ اور میں ہمیشہ اسے یاد رکھتا ہوں، وہ ٹنڈولکر کی طرح ایک مایہ ناز بیٹسمین تھے ، میں نے بھارتی اسٹارکیخلاف بہت بولنگ کی لیکن بدقسمتی سے لارا کیخلاف زیادہ گیندیں نہیں کرسکا، میں نے ان کیخلاف صرف تین گیندیں کی تھیں اور تیسری ان کے سر پر لگی، جس پر اسپتال بھیج دیا گیا جو اچھی بات نہ تھی۔ شعیب اختر نے سری لنکا اور ممبئی انڈینز کے بولر لسیتھ مالنگا کو سراہا۔