Live Updates

تحریک انصاف کا احتجاج ،وزارت داخلہ کاشرکاء کی تلاشی کیلئے واک تھرو گیٹس لگانے کا فیصلہ،باردو کی بو سونگھ کر پتہ لگانے والے کتوں کا استعمال بھی کیا جائیگا ،وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ،شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ،وزیر داخلہ کی ہدایت

جمعہ 9 مئی 2014 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مئی۔2014ء) وزارت داخلہ نے گیارہ مئی کو تحریک انصاف کے پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے احتجاج کے شرکاء کی تلاشی کیلئے واک تھرو گیٹس لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ باردو کی بو سونگھ کر پتہ لگانے والے کتوں کا استعمال بھی کیا جائیگا۔سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جمعہ کو وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سکیورٹی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

راولپنڈی ضلع کے کمشنر اور اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل آف پولیس اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے وزیر داخلہ کو اس موقع پر کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ اس اجلاس میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی، ٹریفک پلان اور ذرائع ابلاغ کے لیے کی جانے والے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ احتجاج میں شرکت کیلئے آنے والوں کو واک تھرو گیٹس سے گزارا جائیگا اور بارود کی بو سونگھ کر اس کا پتا لگانے والے کتوں کو بھی استعمال کیا جائیگا اس کے علاوہ احتجاج کے شرکاء پر نظر رکھنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی تمام گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جن میں اسلحہ یا معصوم بچے ہوں گے۔وزیر داخلہ نے اس سلسلے میں اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ کے درمیان قریبی رابطے کی ہدایت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات