امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز کی وزیر اعظم ، مشیر خارجہ اور آرمی چیف سے ملاقاتیں ، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور توانائی بحران سمیت پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون جاری رہے گا ، امریکی نائب وزیر خارجہ ،امریکی ایجنٹ بارے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سفارشات کی روشنی میں آئندہ کا فیصلہ کیا جائیگا ، سرتاج عزیز

جمعہ 9 مئی 2014 23:25

اسلام آباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مئی۔2014ء) امریکہ نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور توانائی بحران سمیت پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون جاری رہے گاجبکہ پاکستان نے کہا ہے کہ امریکی ایجنٹ بارے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سفارشات کی روشنی میں آئندہ کا فیصلہ کیا جائیگا ۔ پاکستان کے دورے پر امریکہ امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز نے جمعہ کو یہاں وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امورسرتاج عزیز ، وزیر اعظم کے مشیر خصوصی طارق فاطمی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے الگ الگ ملاقات کی جس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ ، افغانستان میں غیر ملکی افواج کے انخلاء سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ اور علاقائی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نکولس برنز کا نائب وزیر خارجہ کے طور پر پاکستان کا پہلا دورہ ہے جس کے دوران امریکی نائب وزیر خارجہ نے معاون خصوصی طارق فاطمی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان میں امریکی ایف بی آئی ایجنٹ کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی،مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ امریکی ایجنٹ کے بارے میں متعلقہ ادارے تحقیقات کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سفارشات کی روشنی میں آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں گزشتہ سال وزیر اعظم کے امریکہ کے دورے سے اب تک ہونیوالی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے اس سال جنوری میں پاک امریکہ سٹریٹجک مذاکرات کے جائزے کے لئے وزارتی اجلاس کے موقع پر مشیر خارجہ واشنگٹن کے دورے کا بھی ذکر کیا۔ فریقین نے سٹریٹجک مذاکرات کے تحت تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

سرتاج عزیزنے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا اور اس سال اپریل میں وہاں انتخابات کے پہلے مرحلے کے کامیاب اختتام پر اطمینان ظاہر کیا۔ امریکہ کے نائب وزیرخارجہ ولیم جے برنز نے راولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔