Live Updates

احتجاج کرنیوالے 18کروڑ عوام کی ترقی اور خوشحالی کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں ، قوم احتجاجی عناصر کو یکسر مسترد کر دیگی‘ شہباز شریف ، ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں میں لے جائینگے ،قائداعظم سولر پارک ایک تاریخی منصوبہ ہے ، 25برس تک بجلی حاصل ہوگی ، تیل یا گیس کا کوئی خرچ نہیں ہوگا، منصوبہ صرف سورج کی شعاؤں سے چلے گا ، مجموعی طور پر ایک ہزار میگاواٹ بجلی ملے گی ، ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، 100 میگاواٹ کاسولر منصوبہ ملک کو روشنیوں کی جانب لے جانے کی ابتدا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں اندھیرے دور کریں گے ،احتجاجی عناصر خوشحالی نہیں چاہتے اور ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا سولر پاور پراجیکٹ کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 9 مئی 2014 19:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چولستان کے صحرا میں جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے سولر پارک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر وزیراعظم نواز شریف نے اس عزم کی عکاسی کی ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک سے اندھیرے دور کرکے روشنیاں لا ئے گی،قائداعظم سولر پارک کے منصوبے سے 25 برس تک بجلی حاصل ہوگی اور تیل یا گیس کا کوئی خرچ نہیں ہوگا،یہ منصوبہ صرف اور صرف سورج کی شعاؤں سے چلے گا جس سے مجموعی طور پر ایک ہزار میگاواٹ بجلی ملے گی جس سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اوربے شمار افراد کو روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔

وہ جمعہ کے روز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں قائداعظم سولر پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ کے پہلے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔ ماضی میں کوئی بھی لیڈر بہاولپور اور چولستان میں موجود روشنیوں کے اس خزانے کو دریافت کرنے کیلئے کوئی اقدام نہ کر سکا جو وزیراعظم محمد نواز شریف نے کر دکھایا ہے۔

سورج کی شعائیں اور یہاں موجود ریت پاکستان کیلئے گیس اور تیل سے کم نہیں۔ یہ منصوبہ آئندہ کئی برسوں تک بجلی فراہم کرے گا اور ملک کو اندھیروں سے نکال کر اجالوں میں لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے عام انتخابات میں عوام سے توانائی بحران کے حل کا وعدہ کیا تھا اور سولر پاور منصوبہ اسی وعدے کی تکمیل کی جانب بہت بڑا قدم ہے۔

ماضی کے حکمرانوں نے پانچ برس تک توانائی کے حصول کیلئے کچھ نہیں کیا جس کے باعث ملک میں اندھیرے چھا گئے، زراعت پیلی پڑ گئی، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو گیا، ایکسپورٹ بند ہو گئی، معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور لاکھوں مزدور بیروزگار ہوئے۔ ماضی کے حکمرانوں نے ان سایوں کا پیچھا کیا جن کی کوئی منزل نہ تھی بلکہ رسوائے زمانہ رینٹل پاور پراجیکٹ جیسے کرپشن میں لتھڑے منصوبے لگائے گئے اور پاکستان کے خزانے کو بیدردی سے لوٹا گیا۔

اگر ماضی میں حکمران سرابوں کی بجائے ان صحراؤں میں ڈیرے ڈالتے تو ملک میں اندھیرے نہ ہوتے، ہسپتالوں میں مریض بجلی نہ ہونے سے دم نہ توڑتے، طالب علموں کو اندھیروں کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا اور بجلی نہ ہونے سے مزدور نفسیاتی مریض نہ بنتا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ کا منصوبہ ملک کو روشنیوں کی جانب لے جانے کی ابتدا ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے چند روز قبل کراچی میں 660 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا ہے جبکہ چند روز بعد وزیراعظم پورٹ قاسم میں 660 میگاواٹ کے ایک اور کول پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں جبکہ رواں ماہ کے آخر میں ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ ایک برس کے دوران متعدد پاور پراجیکٹس کا سنگ بنیاد صرف اور صرف محنت اور عوام کی خدمت کے جذبے کے تحت ہی ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی انتہائی بااعتماد اور بہترین دوست ہے جس نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ چین کی جانب سے 32 ارب ڈالر کا پیکیج تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج ہے اور چین کی حکومت اور قیادت کا وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی ہے۔ اب چاروں صوبائی حکومتوں اور وزارت پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام کی ذمہ داری ہے کہ اس پیکیج سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور چین نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترا جائے۔

سابق حکمران صرف چین کے دورے کرتے رہے لیکن انہیں ایک دھیلا تک نہیں ملا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اس دھرتی کے سپوت ہیں اور میں ان سے وعدہ کرتا ہوں کہ چین کے پیکیج کے تحت ابتدائی طور پر فائنل کئے گئے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کیا جائے گا ۔100میگاواٹ سولر بجلی کا منصوبہ دسمبر 2014 میں مکمل ہوگا لیکن ہماری پوری کوشش ہے کہ اس منصوبے پر دن رات کام کرکے اکتوبر یا نومبر میں 100 میگاواٹ بجلی حاصل کی جائے جبکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے سے 10 میگاواٹ بجلی رمضان المبارک میں حاصل کی جائے تاکہ بہاولپور اور اردگرد کے اضلاع کو ماہ مقدس میں بلاتعطل بجلی فراہم کی جاسکے۔

انشاء اللہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ایک ہزار میگاواٹ کا سولر پاور منصوبہ ایک سے ڈیڑھ برس میں مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے اور اس خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے عام انتخابات میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا ہے اور آپ وہی اعتماد آج جنوبی پنجاب کے عوام کو سولر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر انہیں لوٹا رہے ہیں۔

بلاشبہ سولر پاور پراجیکٹ کا منصوبہ بہت بڑی کاوش ہے۔ اسی طرح نندی پور پاور پراجیکٹ پر بھی دن رات کام ہو رہا ہے اور جلد اس کی منصوبے سے بھی بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے گدو اور اوچ پاور پلانٹس کا افتتاح بھی کیا ہے۔ بجلی کے اندھیرے دور کرنے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا سفر شروع ہو چکا ہے لیکن بعض عناصر سابق دور میں پانچ برس تک بدترین کرپشن کے باوجود اس وقت کے حکمرانوں کے ساتھ چائے کافی پی کر معاہدے کرتے رہے جن میں ایک مولانا سب سے نمایاں تھے اوراب بھی جب وزیراعظم محمد نواز شریف نے ستاروں پر کمند ڈالی ہے تو یہ عناصر احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔

یہ احتجاج ترقی، ملک کو روشنیوں کی جانب لے جانے، خوشحالی، چین کی جانب سے اربوں ڈالر کے منصوبے لگنے اور 18 کروڑ عوام کی فلاح و بہبود کے خلاف ہے۔ میں اجتماع کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی حکومت سمیت پنجاب حکومت پر ایک برس کے دوران ایک دھیلے کی کرپشن کا ثبوت سامنے لے آئیں اسی وقت استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤں گا۔

یہ عناصر پاکستان کے دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جو کہ ترقی و خوشحالی کی منزل کا راستہ روکنے کے مترادف ہے۔ اگر عزت کے ساتھ اقوام عالم میں کھڑا ہونا ہے، ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہونا ہے تو احتجاجی ایجنڈے کو یکسر مستردکرنا ہوگا۔ یہ احتجاج 18 کروڑ عوام کی ترقی و خوشحالی کے خلاف احتجاج ہے جسے قوم بھرپور طریقے سے مسترد کرے گی اور پھر ان عناصر کو کبھی احتجاجی سیاست کی ہمت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں ہر صورت پورا کیا جائے گا اور ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد سولر انرجی پینل دیکھے اور چینی انجینئرز سے ملاقات کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات