انصار برنی کا نائیجریا میں اغوا ہونے والی نوجوان لڑکیوں کی رہائی کیلئے عالمی راہنماؤں سے اپیل

جمعرات 8 مئی 2014 22:50

انصار برنی کا نائیجریا میں اغوا ہونے والی نوجوان لڑکیوں کی رہائی کیلئے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) اقوام متحدہ کے سابق مشیرِ خاص برائے انسانی حقوق اور انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ انصار برنی ایڈووکیٹ نے نائیجریا کی حکومت سمیت عالمی راہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ نائیجریا میں دہشت گردوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والی دو سو سے زائد لڑکیاں جنہیں جبری مشقت پر رکھا گیا ہے اور اب جنسی تشدد کی غرض سے بیچی جا رہی ہیں کی رہائی کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔

سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈوکیٹ نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون ، پاکستان کے صدر ممنون حسین، امریکہ کے صدر بارک اوبامہ، یورپی یونین، برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت عالمی راہنماؤں سے ان بچیوں کی فوری رہائی اور انھیں ان کے گھروں تک پہنچانے کے لئے انصار برنی ٹرسٹ سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

انصار برنی نے کہا کہ نائیجریا میں ایک مسلم گروپ بو کو حرم نے سولہ سے اٹھارہ سال کی لڑکیوں کے ہوسٹل پر حملہ کرکے دو سو سے زائد لڑکیوں کو پہلے مغوی بنایا اور اب انھیں جبری مشقت پر مامور کردیا گیا ہے جبکہ اب اس گروپ نے ان لڑکیوں کو جنسی تشدد کے لئے بازار میں بیچنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ انصار برنی نے عالمی خاموشی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجوڑا ہے اور ان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان معصو م لڑکیوں کی مدد کے لئے آگے بڑھیں۔انصار برنی نے کہا کہ انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل ان بچیوں کی رہائی کے لئے کوشاں ہے اور عالمی راہنماؤں سے ان کی رہائی کے لئے تعاون کی اپیل ہے۔

متعلقہ عنوان :