Live Updates

تحریک انصاف کی سعد رفیق کی جانب سے قومی اسمبلی میں حقائق کے منافی تقریر کے ذریعے ایوان اور قوم کو گمراہ کرنے کی مذمت، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ٗناقابل تردید شواہد کی موجودگی میں عوام اور ایوان کو گمراہ کرنا سہل نہیں ٗ جہانگیرترین

جمعرات 8 مئی 2014 22:36

تحریک انصاف کی سعد رفیق کی جانب سے قومی اسمبلی میں حقائق کے منافی تقریر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے قومی اسمبلی میں حقائق کے منافی تقریر کے ذریعے ایوان اور قوم کو گمراہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کی صفوں میں موجود بوکھلاہٹ کانتیجہ ہے ٗگیارہ مئی کو دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کے احتجاج نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں اور وہ بوکھلاہٹ کے عالم میں پارلیمان جیسے مقدس ایوان میں گمراہ کن حقائق کے ذریعے اپنے مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں تاہم ناقابل تردید شواہد کی موجودگی میں عوام اور ایوان کو گمراہ کرنا سہل نہیں۔

خواجہ سعد رفیق قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکتے اور حقائق مسخ کر کے ایوان میں پیش کرنے سے گریز کریں اور واقعی حقیقی انداز میں فتحیاب ہو کر پارلیمان تک پہنچے ہیں تو نتائج کی تحقیقات پر خود اور اپنی جماعت کو تیار کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جہانگیر خان ترین نے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قومی اسمبلی میں سعد رفیق کی جانب سے الزامات مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے کہا این اے 154کے حوالے سے پیش کی گئی معلومات یکسر غلط ہیں۔ انہوں نے واضح کیا انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے نتائج کی جانچ کے خلاف ان کی درخواست کا دعوی بالکل بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے جبکہ اس کے برعکس انہوں نے 3جولائی 2013کو خاص طور پر انگوٹھے کے نشانات کے ذریعے ہی نتائج کی جانچ کی درخواست کی جس پر کارروائی ہونا باقی ہے۔

خواجہ سعد رفیق کی جانب سے 3دفعہ ووٹوں کی گنتی کے گمراہ کن دعوے کو بھی مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر محض 1مرتبہ ہی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل کیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے کے گمراہ کن خیالات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سعد رفیق ایوان میں جھوتی تقریر کرنے اور جعلی کاغذات لہرانے پر پارلیمان اور قوم سے معافی مانگیں بصورت دیگر شواہد اور ثبوت قوم کے سامنے لائیں۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے اپنی گفتگو میں اسپیکر قومی اسمبلی کے جابندارانہ رویے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اسپیکر نے مسلم لیگ نواز کے ساتھ ساز باز کے ذریعے تحریک انصاف کی قیادت کو ایوان میں تقریر کے موقع سے محروم کیا۔ ایک سوال کے جواب میں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بتایا کہ حکومت 11مئی کے احتجاج سے مکمل طور پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور طرح طرح کی رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں کر رہی ہے تاہم تحریک انصاف کے کارکنان تمام رکاوٹیں عبور کریں گے اور اسلام آباد میں ایک جم غفیر کی صورت جمع ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی نظام کی اصلاح کے ایجنڈے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ خیبرپختونخواہ میں مداخلت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے ایسے امکانات کی تردید کی اور زور دے کر کہا کہ خیبرپختونخواہ کے معاملات وزیراعلی اپنی کابینہ کے ذریعے چلاتے ہیں اور اپنے تجربے اورکابینہ کی مشاورت کی روشنی میں فیصلے کرتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات