افغان طالبان کا خیبر کے نام سے اپنے روایتی سالانہ ”موسم بہار “آپریشن کا اعلان

جمعرات 8 مئی 2014 20:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) افغان طالبان نے خیبر کے نام سے اپنے روایتی سالانہ ”موسم بہار “آپریشن کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ اس دور ان غیر ملکیوں اور ان کے حمایت یافتہ لوگوں کے خلاف حملے تیز کئے جائینگے ، افغانستان میں ایک بھی غیر ملکی فوجی موجودگی تک جنگ جاری رہے گی ،مقامی لوگ غیر ملکی افواج سے دور رہیں ،جنگ کے ذریعے اپنے ملک کو غیر ملکیوں سے آزاد کرائیں گے۔

طالبان کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ خیبر آپریشن کا باضابطہ آغاز بارہ مئی صبح پانچ کیا جائیگا ۔اس سال بہار آپریشن کااعلان ایسے وقت میں کیا گیا کہ جب غیر ملکی افواج افغانستان سے نکلنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اور جون میں صدارتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے والا ہے ۔

(جاری ہے)

طالبان کی مرکزی کونسل کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ بہار آپریشن کا فیصلہ طالبان کے اہم فوجی کمانڈروں کے اجلاس میں کیا گیا ۔

بیان کے مطابق ان کارروائیوں کے دور ان بنیادی طورپر غیر ملکی افواج کو نشانہ بنایا جائیگا اور اس کے علاوہ ان کیلئے کام کر نے و الے جاسوس ، فوجی ، غیر فوجی ٹھیکیدار ، ان کے ساتھ ترجمہ کر نے والے اور ان کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کر نے والوں پر بھی حملے کئے جائینگے ۔بیان میں امریکہ کی جانب سے 2014ء کے بعد کچھ فوجی رکھنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے طالبان نے کہاکہ ایک غیر ملکی فوجی کی موجودگی تک جنگ جاری رہے گی طالبان نے کہاکہ اس سال کارروائیوں کیلئے خیبر کا نام اس لئے تجویز کیا گیا کہ کیونکہ جنگ خیبر کے دور ان مسلمانوں نے حضرت محمد کی قیاد ت میں ہجرت کے ساتویں سال دشمنان اسلام کے خلاف جنگ کی تھی اور اس دور ان دشمن کا بہت زیادہ نقصان ہوا تھا اور کئی علاقے فتح کر لئے گئے تھے ۔

بیان میں کہا گیا کہ رواں سال کا آپریشن اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ غیر ملکی افواج افغانستان سے جارہے ہیں اور جنگ کے ذریعے ہم اپنے ملک کو غیر ملکیوں سے آزاد کرائیں گے بیان میں کہا گیا کہ کارروائیوں کے دور ان طالبان مخصوص جنگی تکنیک کے ذریعے کارروائیاں کرینگے ان تکنیک کے ذریعے ماضی کی نسبت غیر ملکی افواج اور ان کی حمایتیوں کو زیادہ نقصان پہنچایا جائیگا ۔طالبان ہر سال بہار آپریشن کااعلان ایسے وقت میں کرتے ہیں جب افغانستان میں موسم تبدیل ہوجاتا ہے طالبان کے بیان میں لوگوں سے بھی کہا گیا کہ وہ غیر ملکی افواج اور ان کے حمایتیوں سے دور رہیں ۔

متعلقہ عنوان :