امریکی ایجنٹ کے لیپ ٹاپ کے ذریعے کراچی کی اہم معلومات بھیجنے کا انکشاف

جمعرات 8 مئی 2014 14:45

امریکی ایجنٹ کے لیپ ٹاپ کے ذریعے کراچی کی اہم معلومات بھیجنے کا انکشاف

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8مئی 2014ء) کراچی میں گرفتار ایف بی آئی ایجنٹ سے ایف آئی اے کی تحقیقات ، لیپ ٹاپ سے اہم معلومات مل گئیں ، امریکا کا رہائی کیلئے دباؤ، امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ حکام سے رابطے میں ہیں امید ہے معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔ کراچی میں گرفتار ہونے والے امریکی شہری جیوئل کاکس سے ایف آئی اے نے تحقیقات مکمل کر لی ہیں ۔

ایف آئی اے کو امریکی ایجنٹ کے قبضے سے ملنے والے لیپ ٹاپ سے اہم معلومات ملی ہیں ۔ جیوئل کاکس کے کمپیوٹر سے کراچی کے حوالے سے اہم معلومات ٹرانسفر کی گئی ہیں۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی ایجنٹ سے ملنے والی معلومات حساس نوعیت کی نہیں تاہم اہم ضرور ہیں۔جیوئل کاکس دفتری کام کے سلسلے میں تین ماہ کیلئے پاکستان آیا تھا ۔

(جاری ہے)

تفتیشی حکام کو امریکی ایجنٹ سے ایک چاقو اور آہنی مکا بھی ملا ہے۔

کرائم سرکل کے مطابق جیوئل کاکس امریکی ریاست میامی کے فیلڈ افسر کے ایماء پر پاکستان آیا ۔ امریکی ایجنٹ کا کہنا ہے کہ گولیاں اور میگزین بیگ میں تھیں جنہیں وہ نکال نہیں سکا۔ذرائع کے مطابق ایف بی آئی ایجنٹ کی گرفتاری پر پولیس کو شدید دباؤ کا سامنا تھا ۔ اعلیٰ حکام نے جیوئل کاکس کی رہائی کیلئے پولیس کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد امریکی ایجنٹ کو ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔

ایف بی آئی ایجنٹ کو اسلام آباد جاتے ہوئے کراچی ائیرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب اس کے بیگ سے نائن ایم ایم پستول کی پندرہ گولیاں اور ایک میگزین برآمد ہوا۔ ایف آئی اے نے ائیرپورٹ پولیس سٹیشن میں جیوئل کاکس کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے سیکشن 23 اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔عدالت میں پیش کیے جانے پر اسے دس مئی تک پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کے حل کیلئے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ جین پاسکی کے مطابق جیوئل کاکس ایف بی آئی کا ایجنٹ ہے اور امریکی سفارتخانے کے لیگل اتاشی کے ساتھ عارضی ڈیوٹی پر تھا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد جیوئل کاکس کی رہائی عمل میں آ جائے گی۔

متعلقہ عنوان :