بیوروکریسی کفایت شعاری اختیارکرے،عوام کے وسائل عوام پر ہی لگائے جائیں گے، سراج الحق،مختلف محکموں میں اسامیوں کی منظوری سے بے روزگاری میں کمی آئے گی،سینئر وزیر خیبر پختونخوا ،نئی پیداکردہ اسامیوں کے باعث قوم کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور بے روزگاری میں کمی آئے گی،صوبائی وزیر خزانہ کا بجٹ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

بدھ 7 مئی 2014 22:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7مئی۔2014ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور وزیر خزانہ و امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ2014-15کا بجٹ عوام دوست ہوگا۔بیورو کریٹ عوام کے خادم ہیں، عوام کے وسائل عوام پر ہی لگائے جائیں گے سرکاری افسران ،عوام اور اللہ کے سامنے جوابدہ ہیں بیوروکریسی کفایت شعاری اختیارکرے اور سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال روکا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ خزانہ میں اگلے بجٹ کے حوالے سے منعقدہ ا یک اعلیٰ سطح جلاس کے دوران کیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان خان،وزیر مال علی امین گنڈا پور،سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی،وزیر تعلیم عاطف خان،وزیر بلدیات عنایت اللہ خان،وزیر زکواة حاجی حبیب الرحمان اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پچھلے سال کے بجٹ کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف تجاویز بھی دی گئیں۔مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے بجٹ میں اضافہ بھی کیا گیا۔اس کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں میں نئی اسامیوں کی بھی منظوری دی گئی جن میں محکمہ زراعت میں75نئی اسامیاں بھی شامل ہیں۔لائیو سٹاک اور فشریزکے بارے میں بھی تفصیلی غور و خوض ہوا۔محکمہ صحت میں2197،محکمہ تعلیممیں1721،محکمہ مال میں462،محکمہ بلدیات میں79،محکمہ جیل خانہ جات میں838 جبکہ بہبود آبادی میں560نئی اسامیوں کی منظوری بھی بجٹ 2014-15کے لئے دے دی گئی۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی پیداکردہ اسامیوں کے باعث قوم کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور بے روزگاری میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی مخلوط حکومت عوام کی حکومت ہے اور اس سال کابجٹ عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لئے محکموں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کے نظام کو سخت کرنے کی ضرورت ہے اور بہت جلد احتساب کمیشن قائم ہو جائے گا اور جو بھی عوام کی دولت کا غلط استعمال کرے گا اس کاکڑا احتساب ہوگا۔ سراج الحق نے کہا کہ خیبر پختونخواکی حکومت باقی صوبوں کے لئے ایک ماڈل فلاحی حکومت ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :