Live Updates

عمران خان سڑک پر تماشا لگانے کی کوشش نہ کریں،سڑکوں پر مظاہرے کر کے حکومت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ،خواجہ سعد رفیق ،مرضی کے فیصلے آئیں تو عمران خان خوش رہتے ہیں نہ آئیں تو عدلیہ کو کرپٹ کہتے ہیں ،وزیراعظم بننے کاخواب پورا نہیں ہوا تو بدلہ جمہوریت سے نہ لیں ،شیخ الاسلام خود تو ملک میں رہتے نہیں انقلاب کیسے لائیں گے ، وفاقی وزیر داخلہ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 6 مئی 2014 19:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مئی۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان سڑک پر تماشا لگانے کی کوشش نہ کریں، سڑکوں پر مظاہرے کرکے حکومت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ، وزیراعظم بننے کاخواب پورا نہیں ہوا تو بدلہ جمہوریت سے نہ لیں۔ منگل کوپارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ عمران خان عدالتوں کو دباوٴ میں لانے کی کوشش کررہے ہیں، مرضی کے فیصلے آئیں تو عمران خان خوش رہتے ہیں اگر نہ آئیں تو عدلیہ کو کرپٹ کہتے ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہاکہ عمران خان وزیراعظم نہیں بنے تو اس کا خمیازہ قوم کو نہ بھگتنے دیں۔ خان صاحب جس پارلیمنٹ کو دھاندلی کی پیداوار کہتے ہیں وہ خود بھی اس کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان آئے روز موقف بدلتے ہیں یہ لیڈر کی نشانی کی نہیں۔

(جاری ہے)

سعد رفیق نے عمران خان کے احتجاجی دھرنے کو مرضی کے فیصلے کرانے کیلئے عدلیہ اور الیکشن کمیشن کودباوؤ میں لینے کی کوشش قراردیتے ہوئے عمران خان کو شیخ رشید سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ شاہ محمود قریشی اور مخدوم جاوید ہاشمی کی بات مانیں تو فائدے میں رہیں گے ۔

خواجہ سعد رفیق نے ڈاکٹر طاہر القادری پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ شیخ السلام خود تو ملک میں رہتے نہیں انقلاب کیسے لائیں گے۔سعد رفیق نے کہاکہ طاہرالقادری کو ملکہ برطانیہ سے حلف وفاداری لینے کے بعد پاکستانی عوام کا دکھ کھائے جارہا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کی کسی بھی تحریک میں اخلاص نہیں ہوتا اور اخلاص نہ ہونے کے باعث یہ تحریک مذاق بن جاتی ہے، انہیں کسی بھی طور پر ملک میں جمہوریت پر حملے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سعد رفیق نے کہاکہ گزشتہ عام انتخابات کے موقع پر ملکی اور غیر ملکی میڈیا موجود تھا، پنجاب میں 60 نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں، درحقیقت تحریک انصاف عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے کیسز کی وجہ سے پاکستان پر پابندیوں کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ملک میں اس مرض کے سب سے زیادہ کیس خیبر پختونخوا میں سامنے آرہے ہیں اور وہاں تحریک انصاف کی حکومت ہے، اس لئے عمران خان کو چاہیے کہ وہ پہلے پولیو کے سدباب کے لئے اقدامات کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات