حکومت کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دس گھنٹے تک محدود نہ ہو سکا،شارٹ فال 3500میگا واٹ کی سطح پر پہنچنے کے بعد غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ،مظاہرے جاری ،شہریوں اور تاجروں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے دفاتر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کردیا

منگل 6 مئی 2014 19:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مئی۔2014ء) حکومت کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دس گھنٹے تک محدود نہ ہو سکا ،شارٹ فال 3500میگا واٹ کی سطح پر پہنچنے کے بعد غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ،بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں اور تاجروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے دفاتر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کردیا ۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق بجلی کی پیداوار10700میگا واٹ جبکہ اسکے مقابلے میں طلب بڑھ کر 14200میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ ہائیڈل سے 3400‘تھرمل سے 1220جبکہ آئی پی پیز سے 6080میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی ۔ ترجمان کے مطابق ارسا نے تربیلا اور منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج کم کردیا ہے جبکہ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار بھی سسٹم سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب بڑھنے سے شارٹ فال حکومتی اعدادوشمار سے کہیں زیادہ ہے جسکی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ حکومتی یقین دہانیوں سے تجاوز کر گیا ہے۔ وزارت پانی وبجلی کے ذمہ داران کی طرف سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ آٹھ سے دس گھنٹے رکھنے کے اعلانات کئے گئے تھے لیکن گزشتہ روز بھی مختلف شہری علاقوں میں 12سے 14جبکہ دیہی علاقوں میں 18سے 20گھنٹے لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی ۔

لوڈ بڑھنے کے باعث ٹرپنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جسکی وجہ سے صارفین کی قیمتی الیکٹرانکس کی اشیاء جلنے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔گزشتہ روز شیخوپورہ میں طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے لیسکو دفتر کے باہر احتجاج کیا ۔ اس موقع پر مظاہرین نے دفتر کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی لیکن گارڈز نے انکی کوشش ناکام بنا دی ۔ مظاہرین نے احتجاج کے دوران لاہور شیخوپورہ روڈ کو بھی بلاک کر دیا ۔

مظاہرین کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے نہ صرف ان کا کاروبار تباہ ہو گئے ہیں بلکہ معمول کی زندگی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ اگر حکومت نے لوڈ شیڈنگ پر قابو نہ پایا تو لیسکو کے دفاتر کا گھیراؤ کریں گے اور مطالبات کی منظوری تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ گزشتہ روز شرقپور شریف، گوجرانوالہ ، وہاڑی ، بورے والا،کامونکی سمیت پنجاب اور ملک کے مختلف مقامات پر بھی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :