قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کا کراچی آپریشن میں اپنے کارکنوں کی ہلاکت پر شدید احتجاج ،ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرے، رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل

پیر 5 مئی 2014 22:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی۔2014ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم نے کراچی آپریشن میں اپنے کارکنوں کی ہلاکت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے احتجاجا واک آؤٹ کیا، ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ ہمارا یہی قصور ہے کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں، الطاف حسین کے چاہنے والوں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرے۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے ایم کیوا یم کے رکن عبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ کراچی میں ہمارے کارکنوں کو چن چن کرقتل کیا جا رہا ہے اور مسخ شدہ لاشیں کوئی بڑے بڑے دل والا شخص بھی دیکھنے کی ہمت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی پاسداری کرتے ہوئے ریاست بے گناہ لوگوں کو جان اور مال کا تحفظ فراہم کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے عہد کر رکھا ہے کہ پاکستان بچائیں گے۔الطاف حسین کے چاہنے والوں کو قتل کیا جارہا ہے ہم سے اتنی نفرت ہے تو گولی مار دی جائے ، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کراچی کے عوام کو تحفظ دے ہم پاکستانی ہونے کے دعوے سے دستبردار نہیں ہونگے، ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور اس کی ترقی چاہتے ہیں یہی ہمارا قصور ہے، انہوں نے کہا کہ یہی رویہ بنگلہ دیش کیخلاف استعمال ہوا انسانی حقوق کی تنظیمیں سول سوسائٹی ، میڈیا اور پارلیمنٹ اس حوالے سے آواز نہیں اٹھا رہی، بتایا جائے کہ سادہ کپڑے والے کون ہیں ، اس رویئے کیخلاف ایم کیو ایم احتجاجا ایوان سے واک آؤٹ کرتی ہے جس کے بعد ایم کیو ایم کے اراکین واک آؤٹ کر کے چلے گئے اور دوبارہ ایوان میں واپس نہیں آئے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ اور عارف علوی کو ہدای ت کی کہ انہیں منا کر واپس لائیں تاہم بعد ازاں وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے اراکین سپیکر قومی اسمبلی سے اپنے جائز مطالبات کیلئے ان کے چیمبر میں بات کرنا چاہتے ہیں اس لئے وہ ایوان میں نہیں آئے جس پر سپیکر نے کہا کہ وہ ان سے چیمبر میں ملاقات کرلینگے۔