Live Updates

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے صوبہ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے 6 ارب سے بحالی پراجیکٹ شروع کرنے کی منظوری دیدی،3 لاکھ75 ہزارکم وسیلہ خواتین اور بچے اس پروگرام سے مستفیدہونگے صوبائی کابینہ سے منظوری کے بعد جلد نافذ کر دیا جائیگا‘راجہ اشفاق سرور

پیر 5 مئی 2014 19:53

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے صوبہ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے 6 ارب ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی۔2014ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب سے چائلڈ لیبرکے خاتمے اور کم وسیلہ افراد کی بحالی ومالی معاونت کے لئے منصوبہ بندی اور پالیسی سازی تیزی سے جاری ہے،پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اور بحالی پروگرام کے تحت وزیراعلی پنجاب نے 6 ارب روپے کی لاگت سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے جس سے 3 لاکھ75 ہزار سے زائد نادارخواتین اور بچے استفادہ کر سکیں گے۔

انہوں نے یہ بات ایک مقامی ہوٹل میں یونیسف کے تعاون سے محکمہ لیبر وانسانی وسائل کے زیر اہتمام ”پنجاب ممانعت بل برائے ملازمت بچگان2014 “کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کے مشاورتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

یونیسف چیف چائلڈ پروٹیکشن سیکشن پاکستان سمارنداپوپا،فیڈرل کمشنر برائے چائلڈ پروٹیکشن اعجاز قریشی،سیکرٹری،لیبر پنجاب کیپٹن(ر) محمد یوسف کے علاوہ سندھ،بلوچستان سے لیبر سیکرٹریز،این جی اوز،ایمپلائرز اور لیبر تنظیموں کے نمائندوں نے اس مشاورتی سیمینار میں شرکت کی اور بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لئے قانون سازی بارے اپنی تجاویز سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر گروپس کی صورت میں تبادلہ خیال کے بعد سفارشات پیش کی گئیں۔

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے 14 سال کم عمر بچوں سے مشقت پر پابندی کے قانون1991 میں ترمیم کرتے ہوئے اس قانونی کو مزید جامع،مربوط اور انٹر نیشنل سٹینڈرڈز سے ہم آہنگ کرتے ہوئے آئی ایل او کنونشنزسے متصادم شقوں اور موجود سقم ختم کرتے ہوئے نئے قانون کو حتمی شکل دے دی ہے جسے”پنجاب پروہیبیشن آف ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ2014 “ کا نام دیا گیا ہے۔

اس قانون کو صوبائی کابینہ سے منظوری کے بعد جلد ہی صوبہ بھر میں نافذ کر دیا جائے گا ۔ اسی مقصد کے لئے اس مشاورتی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس نئے قانون کی وزیراعلی پہلے ہی اصولی طور پر منظوری دے چکے ہیں۔ اس قانون کے تحت خلاف ورزی کے مرتکب اور اعانت جرم میں معاونت کرنے والوں کے خلاف سزاؤں کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے جبکہ ملازمت کے اوقات کار،حفاظتی تدابیر واقدامات،غیر رسمی تعلیم اور مانیٹرنگ سسٹم کو بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

یونیسف چیف سمارنداپوپانے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کا تعاون اور سیاسی حمایت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے پنجاب حکومت اپنے اقدامات کے ذریعے دیگر صوبوں پر سبقت لے گئی ہے اور امید ہے کہ وزیراعلی شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کوششوں سے جلد ہی صوبہ پنجاب چائلڈ لیبر کی لعنت سے پاک ہو جائے گا۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :