دنیا میں پولیو کا پھیلاؤ روکنے کے لئے پاکستانیوں پر بین الاقوامی سفری پابندیاں عائد

پیر 5 مئی 2014 17:15

دنیا میں پولیو کا پھیلاؤ روکنے کے لئے پاکستانیوں پر بین الاقوامی سفری ..

جنیوا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مئی 2014ء) عالمی ادارہ صحت نے دنیا میں پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے پاکستانیوں پر بیرون ملک سفر پر پابندیاں عائد کردیں ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے زیر اہتمام دنیا میں پولیو کے بڑھتے مرض پر قابو پانے کے لئے جنیوا میں اجلاس ہوا جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور مبصرین نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران عالمی ادارہ صحت کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بروس ایلوارڈ نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ برس افغانستان اور نائیجیریا سے بھی زیادہ پولیو کے کیسز ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ اس لئے مرض کو دنیا کے دیگر ملکوں میں دوبارہ پھیلنے سے روکنے کے لئے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ پاکستانی شہریوں پر بیرون ملک سفر پر پابندیاں عائد کردی جائیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بروس کا کہنا تھا کہ پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اب پاکستان ان ملکوں میں شامل ہوگیا ہے جن کے شہریوں کے لئے بیرون ملک سفر کے دوران پولیو ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ دکھانا ضروری ہوگا ہے، پاکستان کے ساتھ ساتھ شام اور کیمرون کے شہریوں پر بھی اسی نوعیت کی پابندیاں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں یہ پابندیاں 3 ماہ کے لئے عائد کی گئی ہیں ، مدت مکمل ہونے کے بعد صورت حال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا جس کی روشنی میں ان پابندیوں کے برقرار رکھنے یا ہٹانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے خصوصی صحت سائرہ افضل تارڑ نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جن حالات کا سامنا ہے اس کا دنیا کے کسی دوسرے ملک سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، 2014 میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی اکثریت کا تعلق جنوبی اور شمالی وزیرستان سے ہے۔ موجودہ حکومت نے پولیس پر قابو پانے کے لئے بہت کوششیں کی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو کیسوں کی تعداد میں اس سال اب تک 600 فیصد اضافہ ہوا ہے، 2013 میں اپریل تک پاکستان میں پولیو کے8 کیس سامنے آئے تھے جبکہ اس سال 56 کیس منظرِعام پر آئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :