پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے، ہماری ریلیاں وطن دشمنوں کیلئے وارننگ ہیں‘ چودھری پرویزالٰہی ،پاک فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچانا، پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے اس کے خلاف ہر سازش قوم ناکام بنا دے گی ،افواج پاکستان کی حمایت میں ریلیوں سے حکومت کیوں پریشان ہے؟ ریلیوں میں عوام نے شرکت کر کے افواج پاکستان سے محبت کا اظہار کیا،خواجہ آصف دنیا کے واحد وزیر دفاع ہیں جو اپنی ہی فوج کیخلاف بیانات دے رہے ہیں ،نام گینز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں آنا چاہیے ، سابق نائب وزیراعظم

اتوار 4 مئی 2014 20:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاک فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا مطلب پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب بھر میں پاکستان مسلم لیگ کے زیر اہتمام مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلیوں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریلیاں جہاں پاک فوج کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان ہیں، وہاں ان وطن دشمنوں کیلئے وارننگ ہیں جو پاک فوج کے خلاف مذموم مہم میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت آنے کے بعد پاک فوج کی ساکھ کو خراب کرنے کیلئے آئے روز نئی سازش تیار ہوتی ہے، سابق آرمی چیف کو غدار ثابت کرنے کی کوششوں کے بعد اب آئی ایس آئی کے حاضر سروس چیف کو قاتل قرار دینے کی مذموم مہم شروع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ن لیگ کا یہ ملک دشمن رویہ قوم کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اس امر میں اب کوئی شک نہیں رہا کہ ملک کے اندر اور باہر پاک فوج کے خلاف اس گھناؤنی مہم کے پیچھے خود حکومتی نمائندے ہیں جو اپنے ملک دشمن ایجنڈے کی راہ میں پاک فوج کو بہت بڑی رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک و قوم کو اندرونی و بیرونی محاذوں پر آج جن سنگین خطرات کا سامنا ہے ان کا تقاضا تو یہ تھا کہ حکومت پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی، لیکن اس کے برعکس وہ پاک فوج کے خلاف مہم جوئی میں شامل ہو گئی ہے، ان حالات میں ہماری ریلیاں دنیا کو یہ پیغام دینے کیلئے ہیں کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ افواج پاکستان کی حمایت میں ریلیوں سے حکومت کیوں پریشان ہے؟ خواجہ آصف دنیا کے واحد وزیر دفاع ہیں جو اپنی ہی فوج کے خلاف بیانات دے رہے ہیں ان کا نام گینز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں آنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کی کال پر پنجاب بھر میں ریلیوں میں عوام نے شرکت کر کے افواج پاکستان سے محبت کا اظہار کیا ہے ۔

ریلیوں کے ذریعے ان عناصر سے نفرت کا اظہار کیا گیا ہے جو افواج پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے میں مصروف ہیں۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان سے محبت پر مبنی ریلیوں سے حکومت کیوں پریشان ہے۔ا نہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو حرف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپنی ہی افواج کے خلاف بیانات دینے پر خواجہ آصف کا نام گینزبک میں آنا چاہئے ۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام قوتیں اور عناصر سن لیں کہ افواج پاکستان ہماری سرحدوں کی محافظ ہے قوم ان کے خلاف ایک لفظ بھی برداشت نہیں کرے گی ۔