باجورایجنسی،افغانستان سے بلااشتعال فائرنگ،پاک فوج کا ایک اہلکارشہیدہوگیا، باجوڑ ایجنسی سے ملحقہ افغان علاقے سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی،فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیرجاری رہا ،آئی ایس پی آر۔اپ ڈیٹ

اتوار 4 مئی 2014 19:47

راولپنڈی/باجوڑایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2014ء) باجوڑ ایجنسی میں پاک افغان سرحدی علاقے میں سرحد پار سے کی گئی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک اہلکار شہید ہوگیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق اتوارکودوپہر 11 بج کر 45 منٹ پر باجوڑ ایجنسی سے ملحقہ افغان علاقے سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی،فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیرجاری رہا جس کے نتیجے میں پاکستانی علاقے میں سیکورٹی پر تعینات پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا،اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ خود افغان سیکورٹی فورسز نے کی ہے یا یہ عسکریت پسندوں کی کارروائی ہے،واضح رہے کہ افغان سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے پہلے بھی متعدد مرتبہ فائرنگ اور مارٹر گولوں کی شیلنگ فائر کئے جاتے رہے ہیں، گزشتہ برس ستمبر میں افغان افواج کی جانب سے سرحدی علاقے اور بلوچستان کے ایک اہم ضلع ژوب کے ایک گاوٴں میں فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے تھے،ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل تھیں،مئی2013میں پاکستان نے سینئر افغان سفارتکار سے سرحدی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا تھا جس میں پانچ پاکستانی سیکورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگئے تھے،اگست 2012 میں دونوں اطراف کی افواج میں دو گھنٹے تک فائرنگ ہوتی رہی اگرچہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے،افغانستان اور پاکستان کے درمیان 2,000 کلومیٹر سے زائد طویل سرحد موجود ہے اس سرحد پر کئی مقامات پر دونوں ممالک کے درمیان فائرنگ کے واقعات ہوئے ہیں لیکن دونوں جانب سے طالبان اور القاعدہ شدت پسند دونوں ممالک کو نشانہ بناتے ہیں۔