پی سی بی کی طرف سے قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان رواں ہفتے کئے جانے کا امکان ،سنٹرل کنٹریکٹ میں پچیس فیصد ،میچ فیس میں پندرہ سے بیس فیصد اضافہ ،عمدہ کارکردگی پر اضافی انعام کو بھی برقرار رکھنے کی منظوری

اتوار 4 مئی 2014 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان رواں ہفتے کئے جانے کا امکان ہے ،22 کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،سنٹرل کنٹریکٹ میں پچیس فیصد اور میچ فیس میں پندرہ سے بیس فیصد اضافہ جبکہ عمدہ کارکردگی پر ملنے والے اضافی انعام کو بھی برقرار رکھنے کی منظوری دیدی گئی۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے تمام کام مکمل ہو چکا ہے اور رواں ہفتے اس کا اعلان کر دیا جا ئے گا۔مجموعی طور پر بائیس کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا جا رہا ہے۔ماہانہ وظیفہ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی کیٹگری ختم کرنے کی تجویز ہے۔ بورڈ سنٹرل کنٹریکٹ کی رقم میں 25 فیصد تک اضافے تک رضامند ہے جبکہ میچ فیس میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں سے مشاورت کے بعد پرفارمنس پر ملنے والی مراعات کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا رہا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کپتان مصباح الحق اور سینئر کرکٹرز سے مشاورت کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ کی تینوں کیٹگریز میں مجموعی طور پر پچیس فیصد اضافے کی منظوری دی ہے جس کے تحت اب اے کیٹگری کو ماہانہ پانچ لاکھ روپے،بی کو ساڑھے تین لاکھ جبکہ سی کیٹگری کو دو لاکھ سے زائد روپے ملیں گے۔

قومی کرکٹرز کی میچ فیس میں بھی پندرہ سے بیس فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ بورڈ نے میچ میں سنچری اسکورکرنے اور پانچ وکٹیں لینے سمیت عمدہ کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز کے اضافی انعام کو ختم کرنے کی تجویز بھی کپتان مصباح الحق کے اصرار پر مسترد کردی اور اضافی انعام کو برقرار رکھنے کی منظوری دی ہے۔

متعلقہ عنوان :