بھارت میں کام کرنے پر شان اور علی ظفر کے درمیان تکرار

اتوار 4 مئی 2014 17:42

بھارت میں کام کرنے پر شان اور علی ظفر کے درمیان تکرار

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مئی۔2014ء) پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش اور قومی فنکاروں کے بالی ووڈ میں کام کرنے کے مخالفین اور حامی دونوں ہی بڑی تعداد میں موجود ہیں اسی معاملے پر رائے کے اظہار پر اداکار شان اور علی ظفر کے درمیان نوک جھونک ہوگئی۔ایکسپریس ٹریبون کے مطابق ملک کے ایک میڈیا ہاؤس کی جانب سے ایوارڈز تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک کے صف اول کے فنکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر جب اداکار شان اسٹیج پر آئے تو انہوں نے ملک میں بھارتی فلموں کی نمائش اور بالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنے والے فنکاروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ وہ اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے یہاں تک جا پہنچے کہ انہوں نے بالی ووڈ میں کام کرنے والے فنکاروں کو ’’بکاوٴمال‘‘ تک کہہ ڈالا۔

(جاری ہے)

شان کی باتوں پر تقریب میں موجود دیگر فنکار تو چپ رہے لیکن جب علی ظفر ایوارڈ لینے اسٹیج پر آئے تو انہوں نے شان کی باتوں کا کھل کر جواب دیا، ان کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی ہم اپنی کمزوریوں کو چھپانے کے لئے حب الوطنی اور دوسری چیزوں کا سہارا لیتے ہیں۔

ہمیں ایمانداری سے کام لینا چاہئے اور آئندہ نسل کو سچ بتانا چاہئے۔ شان نے بالی ووڈ میں کام کرنے والوں کو ’بکاوٴ مال‘ کہہ کر ان کی توہین کی ہے، کیونکہ بھارت میں صرف انہوں نے ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا نہیں منوایا بلکہ اس فہرست میں بڑے غلام علی خان ، نصرت فتح علی خان، راحت فتح علی خان، محسن خان، زیبا بختیار، شفقت امانت علی اور عاطف اسلم جیسے نامی گرامی آرٹسٹ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :