ایم کیوایم اورجے یو آئی نے تحفظ پاکستان بل میں ترامیم حکومت کو بھجوادیں،حکومت نے ترامیم پر غورکی یقین دھانی کرائی ہے ،جے یوآئی (ف)رہنماؤں کی گفتگو

جمعہ 2 مئی 2014 21:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام ف نے تحفظ پاکستان بل میں ترامیم حکومت کو بھجوا دیں، ایم کیوایم اورجے یوآئی ف کے رہنماؤں نے کہاہے کہ حکومت نے ترامیم پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے،ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کی طرف سے تحفظ پاکستان بل میں پیش کی گئی ترامیم میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی ادارے کسی شخص کو گولی مارنے کے بجائے فوری حراست میں لے لیں اور اسے 90 دن کے بجائے 30 روز تک حراست میں رکھا جائے، نظر بند شخص کو ہر 15 یوم کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے اور اس کا طبی معائنہ کرایا جائے، گریڈ 18 کا افسر ملزمان کی تحقیقات کرے،سیاسی جماعتوں کی ترمیمی تجاویز میں یہ بھی شامل ہے کہ معمولی نوعیت کے جرائم قابل ضمانت قرار دیئے جائیں، عدالت میں شہریت ثابت نہ کرنیوالے شخص کو غیر ملکی تصور کیا جائے اور بل میں وفاقی حکومت کے الفاظ کو قانون کی عدالت سے تبدیل کردیا جائے، قانون نافذ کرنیوالے ادارے ملزم کا ریکارڈ متعلقہ تھانے میں پیش کرنے اور تفتیشی افسر پبلک پراسیکیوٹر کے ذریعے 90 روز میں خصوصی عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کا پابند ہوگا،ترامیم میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار شخص کو صوبوں کی قائم کردہ جیل میں رکھا جائے، ملزم کی منتقلی کی اطلاع ہائیکورٹ کے رجسٹرار کو دی جائے، غلط الزام لگانے پر 10 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہونا چاہیئے،ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کی تجاویز میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شخص کو عدالتی فیصلے کیخلاف 30 روز میں اپیل دائر کرنے کا حق دیا جائے، ذرائع کے مطابق حکومت نے ترامیم بل میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔