ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج اورآئی ایس آئی کے حق میں مظاہرے اورریلیاں،ملتان،حویلی لکھا،سکھر ،پشاورمیں حمایتوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی،بڑے بڑے بینرزاورپلے کارڈزاٹھارکھے تھے،پاکستان کے کروڑوں عوام کے دل فوج کیساتھ دھڑکتے ہیں، وطن عزیز کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے،شرکاء کا خطاب

جمعہ 2 مئی 2014 21:54

ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج اورآئی ایس آئی کے حق میں مظاہرے اورریلیاں،ملتان،حویلی ..

حویلی لکھا/ملتان/سکھر/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2014ء) حویلی لکھا،ملتان، پشاور اور سکھر میں پاک فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور شرکا نے نعرے بازی کی، شرکا نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے،تفصیلات کے مطابق ملتان میں واسا اہلکاروں نے باغ لانگے خان میں فوج اور آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا، شرکا نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے،پشاور میں جماعت الدعو ةکے زیر اہتمام موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جو صدر سے شروع ہو کر پشاور پریس کلب پہنچ کر ختم ہوئی، شرکا نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما انعام اللہ کا کہنا تھا کہ فوج اور آئی ایس آئی نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں بلکہ دشمن کی ناپاک سازشوں سے بھی بچا رہے ہیں، سکھر میں بھی سنی تحریک نے فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی، شرکا نے فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں نعرہ بازی بھی کی،شرکاء نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان کے کروڑوں عوام کے دل فوج کیساتھ دھڑکتے ہیں، وطن عزیز کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے،انہوں نے کہاکہ پاک فوج اور آئی ایس آئی کا مثبت اور فعال کردار قابل تحسین رہا ہے، وطن عزیز کی ہر مشکل گھڑی میں ان دونوں قومی اداروں نے ناقابل فراموش مثالی کردار ادا کرکے قوم اور ملک کی خدمت کی ہے،حویلی لکھا میں سول سوسائٹی اور مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔

(جاری ہے)

دربار منور شہید سے شروع ہونے والی ریلی کے شرکا نے نعرہ بازی بھی کی،شرکاء کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی پر الزامات ملک دشمن عناصر کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے، وہ اپنے مذموم ناپاک عزائم کی تکمیل کیلیے آئی ایس آئی پر الزامات لگا کر اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان‘ وزیراعظم اور وزیر داخلہ اس کا سختی سے نوٹس لے کر آئی ایس آئی کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں،انہوں نے کہاکہ پاک فوج اور آئی ایس آئی ملکی دفاع کے ضامن ادارے ہیں۔ مفادات کی خاطر ا داروں پر انگلی اٹھانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :