وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ داخلہ کے ترقیاتی کاموں سے متعلق اجلاس،پولیس جوانوں کے لئے رہائشی منصوبوں کے ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لئے ،وزیراعلیٰ کے محکمہ خزانہ کو فنڈ جاری کرنے کے احکامات

جمعہ 2 مئی 2014 21:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے محکمہ داخلہ کے تحت جیل خانہ جات ، پولیس اسٹیشنز، پولیس چیک پوسٹس اور پولیس جوانوں کے لئے رہائشی منصوبوں کے ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے لئے محکمہ خزانہ کو مطلوبہ فنڈ جاری کرنے کے احکامات دیئے ہیں ۔ یہ احکامات انہوں نے جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں محکمہ داخلہ کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر جائزہ لینے کے لئے محکمہ داخلہ اور محکمہ خزانہ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کے دوران دئیے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امن و امان کا قیام حکومت سندھ کی اولین ذمہ داری ہے جسکے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاردہشت گردوں کے سامنے صف آراء ہیں اور انکی حفاظت کے لئے انہیں جدید ہتھیار، بکتر بند گاڑیاں ، بلٹ پروف جیکٹس ، ہیلمیٹ اور ا ن کی تعیناتی کی جگہ کے نزد رہائش فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام ، پولیس نظام کو جدید خطوط پر استوار کر نے اور شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت سندھ نے رواں مالی سال کی بجٹ میں 42ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہوئی ہے تاکہ عوام بلاخوف خطر اپنی روز مرہ زندگی کے امور سر انجام دے سکیں اور صوبہ سندھ اور ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے حکومت سندھ قانون نافذکرنے والے اداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے محکمہ داخلہ کے لئے بجٹ میں مختص کی گئی رقم کے علاوہ آؤٹ سائیڈ بجٹ خرچ کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے ڈی آئی جی پولیس (فنانس) کو محکمہ خزانہ سے رابطے میں رہ کر ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈس کے اجراء کے لئے جلد سے جلد یقینی بنانے اور محکمہ داخلہ کے تحت مکمل اور مکمل ہونے کے قریب منصوبوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ انہیں پیش کر نے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں صوبہ بھر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت فنڈس کے اجراء سے متعلق پولیس اور محکمہ خزانہ کے افسران نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفینگ دی اجلاس میں صوبائی سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر نیاز عباسی ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری رائے سکندر، آئی جی جیل خانہ جات نصرت مگن، ڈی آئی جی پولیس (فنانس) کیپٹین طاہر نوید ، اسپیشل سیکریٹری (داخلہ) نواز شیخ و دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :