طالبان سے مذاکرات پر اعتماد میں نہیں لیاگیا،خورشیدشاہ

جمعہ 2 مئی 2014 18:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2مئی 2014ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلزپارٹی کے سینئررہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت طالبان مذاکرات سمیت کسی بھی معاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لے رہی، حکومت نہ جانے کیوں اپوزیشن کا سامنا کرنے سے بھاگ رہی ہے، کارکنوں کی ہلاکت کا معاملہ سلجھانے کے لیے ایم کیو ایم خود کردار ادا کرے ، کراچی آپریشن کے مثبت نتائج کو اب عوام بھی قبول کررہے ہیں،نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے دور حکومت میں اپوزیشن جماعتوں کی موجودگی میں دفاعی اداروں کے سربراہان سے بریفنگ لیتی رہی لیکن موجودہ حکومت طالبان مذاکرات سمیت کسی بھی معاملے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لے رہی جس سے حکومت کوہی نقصان پہنچے گا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نہ جانے کیوں اپوزیشن کا سامنا کرنے سے بھاگ رہی ہے،خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم اب حکومت کا حصہ ہے اس لیے احتجاج کرکے عوام کا روزگار خراب کرنے کے بجائے بات چیت کے ذریعے معاملات حل کرے، ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی ہلاکت کا معاملہ سلجھانے کے لیے ایم کیو ایم خود کردار ادا کرے کیونکہ ان کا گورنر اپنا ہے اور وزیراعلی بھی موجود ہے اس لیے بہتر ہوگا کہ بیٹھ کر بات کی جائے جبکہ کراچی میں آپریشن جاری ہے اور اس کے مثبت نتائج کو عوام بھی قبول کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :