جڑانوالہ‘ تھانہ لنڈیانوالہ کے اہلکار ملزم کی گرفتاری کے لئے بلا اجازت خاتون ایم پی اے کے گھر گھس گئے

جمعہ 2 مئی 2014 16:14

جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2مئی 2014ء) تھانہ لنڈیانوالہ کے اہلکار ملزم کی گرفتاری کے لئے بلا اجازت خاتون ایم پی اے کے گھر گھس گئے۔ خاتون ایم پی اے کی وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری کو شکایت پر ضلعی پولیس حکام حرکت میں آ گئے۔ ایس ایچ او اور اہلکاروں کی سرزنش ، معافی کے بعد معاملہ رفع دفع۔ ذرائع کے مطابق تھانہ لنڈیانوالہ کی پولیس چوکی بچیانہ کا ہیڈ کانسٹیبل محمد اسلم دیگر چار پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مقدمہ نمبر 629/13 بجرم 395 میں نامزد ملزم شہزاد عرف شادا سکنہ 560 گ ب کی گرفتاری کے لئے علی الصبح حلقہ PP53 سے مسلم لیگ (ن) کی خاتون ایم پی اے محترمہ رفعت معراج اعوان کے گھر بلا اجازت داخل ہو گیاجس پر اْنہوں نے شدید احتجاج کیا اور تمام معاملہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری کے نوٹس میں لے آئیں جس کے بعد ضلعی پولیس حکام حرکت میں آگئے اور اْنہوں نے ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ انسپکٹر ایوب ساہی انچارج چوکی بچیانہ سب انسپکٹر اشفاق اور ہیڈ کانسٹیبل محمد اسلم کی سخت سرزنش کی اور اْنہیں فوری طور پر خاتون ایم پی اے سے معافی مانگنے کا کہا۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس حکام کی ہدایات کی روشنی میں ایس ایچ او لنڈیانوالہ اور چوکی انچارج بچیانہ علاقہ کی اہم سیاسی شخصیات کی سفارش کے بعد خاتون ایم پی اے سے معافی مانگنے میں کامیاب ہو گئے اور معاملہ آگے بڑھنے کی بجائے رفع دفع ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :