پاکستان سرمایہ کاری اور منافع کے لحاظ سے دنیا کا ایک بہترین ملک بن چکا ہے،منافع بیرون ملک لے کر جانے میں کوئی پابندی نہیں‘شہباز شریف،بیرونی سرمایہ کارپاکستان کے سرمایہ دوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں ، ہر قسم کا تحفظ اور سہولت فراہم کریں گے،وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کے درست اور موثر اقدامات کے باعث تمام معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہونے سے پاکستان پر بیرونی قرضوں کا بوجھ 800 ارب کم ہوا ہے، سٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، سابق حکومتوں کی غفلت اور نااہلی کے بوئے ہوئے کانٹے ایک ایک کرکے چننے پڑ رہے ہیں، وزیراعلیٰ کی لندن میں بیرونی سرمایہ کاروں سے گفتگو

جمعرات 1 مئی 2014 22:31

پاکستان سرمایہ کاری اور منافع کے لحاظ سے دنیا کا ایک بہترین ملک بن چکا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری اور منافع کے لحاظ سے دنیا کے بہترین ممالک میں سے ایک ملک بن چکا ہے۔ توانائی سمیت ہر شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے ون ونڈو سہولت مہیا کی گئی ہے تاکہ سرمایہ کاری کا تمام عمل تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچے۔ منافع بیرون ملک لے کر جانے میں کوئی پابندی موجود نہیں۔

بیرونی سرمایہ کارپاکستان کے سرمایہ دوست ماحول سے فائدہ اٹھائیں ،انہیں ہر قسم کا تحفظ اور سہولت فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار لندن میں بیرونی سرمایہ کاروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان خصوصاً پنجاب میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے سرمائے کی ایک ایک پائی امانت سمجھ کر شفاف طریقے سے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بیرونی سرمایہ کاروں کے سیکیورٹی کے بارے میں تحفظات کاہمیں بھرپور احساس ہے، انہیں ترجیحی بنیادوں پر دور کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کے درست اور موثر اقدامات کے باعث تمام معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تقریباً 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈالر کی قدر میں کمی اور روپیہ مستحکم ہونے سے پاکستان پر بیرونی قرضوں کا بوجھ 800 ارب روپے کم ہوا ہے۔

سٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ تجارتی خسارے میں کمی ہوئی ہے جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اور مجموعی قومی پیداوار میں بھی بہتری آئی ہے۔ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت کو جب بھی عوام کی خدمت کا موقع ملا ہے تو معیشت کو بہتر بنا کر عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں اور ان کے سابق ادوار میں بھی معیشت کو مضبوط بنانے کے حوالے سے نمایاں کام کیا گیا اور موجودہ دور میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف کی پہلی ترجیح معیشت کو مستحکم کرنا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معاشی صورتحال کے استحکام کیلئے 11 ماہ میں شبانہ روز محنت کرکے اہداف کو حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو بہترین وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ پاکستان میں تانبے، لوہے، کوئلے اور دیگر معدنی ذخائر بڑے پیمانے پر موجود ہیں جبکہ گیس بھی وسیع پیمانے پر موجود ہے۔ توانائی، لائیوسٹاک، ڈیری ڈویلپمنٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب میں جدید سولر پارک قائم کر رہی ہے جہاں سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔

پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے جس کیلئے بیرونی سرمایہ کاروں کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے پاک برطانیہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 70 سے زائد برطانوی کمپنیاں کام کر رہی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں برطانوی کمپنیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے اپنی غفلت اور نااہلی کے باعث عوامی مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں دی اور ہماری حکومت کو سابق حکومتوں کے بوئے ہوئے کانٹے ایک ایک کرکے چننے پڑ رہے ہیں اور انشاء اللہ ہم تمام کانٹے صاف کرکے ملک کو گل و گلزار بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ٹیکس نظام میں بہتر ی آنے سے وصولیوں میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہر محاذ پر تیز رفتاری کے ساتھ کام کر رہی ہے اور حکومت کے موثر اقدامات کے باعث معاشی و اقتصادی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ساتھ صنعت، زراعت اور دیگر شعبوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بیرونی سرمایہ کارو ں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں اور سازگار ہے۔