جمہوری حکومت آئین کی حکمرانی اور انسانی و اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ،وزیراطلاعات پرویز رشید ، مذہبی اور اقلیتی حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی ،جرمن پارلیمنٹ کے صدر سے گفتگو ، امید ہے پاکستانی حکومت کے طالبان سے مذاکرات کامیاب ہو جائینگے ، جرمن صدر

جمعرات 1 مئی 2014 22:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مئی۔2014ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جمہوری حکومت آئین کی حکمرانی اور انسانی و اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں جرمن پارلیمنٹ کے صدر ڈاکٹر نوربرٹ لیمرٹ کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔وفد میں جرمنی کے اراکین پارلیمنٹ نائیلز اینن، مس میری لیوس بیک، ڈاکٹر ہنس پیٹر اور جرمن سفیر ڈاکٹر مائیکل کوچ سمیت پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی نمائندے بھی شریک تھے جبکہ اس موقع پر سیکرٹری قانون، انصاف اور انسانی حقوق، بیرسٹر ظفر اللہ بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہے اور میڈیا کو مکمل آزادی حاصل ہے جبکہ سول سوسائٹی اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور عدلیہ مکمل آزادی سے اپنے فرائض ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام ہے اور ایگزیکٹو اتھارٹیز کی نگرانی مستعد اپوزیشن کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک میں کئی اقدار مشترک ہیں۔

وفاقی وزیر نے انہیں بتایا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے جس کیلئے معیشت، توانائی اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انسانی حقوق کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے وفد کو بتایا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد موثر عمل درآمد اور مشاورت کیلئے انسانی حقوق کے بہت سے محکمے صوبوں کو منتقل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ مذہبی اور اقلیتی حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ایک اور سوال پر وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ حکومت امن و امان کے فروغ کیلئے طالبان سے مذاکرات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت بات چیت کے عمل پر یقین رکھتی ہے اور پارلیمنٹ میں موجود تمام جمہوری قوتیں طالبان کے ساتھ بات چیت کے عمل پر حکومت کی مدد کر رہی ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور جرمنی کے پارلیمانی وفود کے تبادلے پر زور دیا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ حکومت اقتصادی بحالی کیلئے کرپشن کے خاتمے اور ہر سطح پر شفافیت کے عمل کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے وفد کو تجویز پیش کی کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور خصوصاً توانائی، بنیادی ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

ڈاکٹر نور برٹ لیمرٹ نے وفود کے تبادلے پر وفاقی وزیر کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام آئے گا۔ انہوں نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کی اور پاکستان میں جمہوریت کے مزید استحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔