حکومت سندھ سماجی شعبے کی ترقی کیلئے سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے،وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 1 مئی 2014 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ حکومت سندھ کے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے صوبے سندھ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کو مراعات اور دیگر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے (یوایس ایڈ)کی جانب سے سماجی شعبوں بشمول صحت، تعلیم،کمیونٹی اور انفراسٹریکچرکی ترقی کیلئے یوایس ایڈ کی صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کو سراہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹرلیون اسٹیفن واسکن سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی رکن اسمبلی سید اویس مظفر، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری رائے سکندر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تعلیم اور صحت حکومت سندھ کی اولیں ترجیحات میں شامل ہیں اور ان شعبوں کی ترقی کیلئے ہر سال بجٹ میں خطیر رقم مختص کی جاتی ہے اور نجی شعبے باالخصوص غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھی ہمت افزائی کی جا رہی ہے تاکہ ان شعبوں کی ترقی کیلئے ان کی فنی و پیشوارانہ صلاحیتوں اور مہارت سے استفادہ حاصل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں زیر زمین پانی کڑوا ہے،جس کے باعث لوگوں میں بیماریاں پھلتی ہیں تاہم صوبائی حکومت نے لوگوں تک صاف اور شفاف پانی کی ترسیل کیلئے مختلف مقامات باالخصوص ریگستانی صحرائی ساحلی اور خشک علاقوں میں آر او پلانٹس نصب کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی اور ڈرینج کی سہولیات،زرعی اور توانائی کے شعبے میں یوایس ایڈ کی جانب سے مدد اور تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔

یوایس ایڈ ڈپٹی مشن ڈائریکٹرلیون اسٹیفن واسکن نے حکومت سندھ کی جانب سے تعاون پر وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایڈصوبے سندھ کے کئی شعبوں باالخصوص توانائی، صحت، ایجوکیشن، زراعت ،پانی اور کمیونٹی ڈولپمینٹ کی ترقی کیلئے مدد فراہم کرنے کیلئے تیار اور منتظر ہے،انہوں نے حکومت سندھ کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں،سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مراعات اور غیرملکی سرمایہ کاروں باالخصوص یو ایس ایڈ سے تعاون کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے ان اقدامات سے نہ صرف صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ ان اقدامات سے پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہونگے۔

متعلقہ عنوان :