پاک بھارت تعلقات، عمران نے ’’کرکٹ ڈپلومیسی‘‘ کی حمایت کر دی

جمعرات 1 مئی 2014 16:09

پاک بھارت تعلقات، عمران نے ’’کرکٹ ڈپلومیسی‘‘ کی حمایت کر دی

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1مئی 2014ء) پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلیے سابق کپتان عمران خان نے کرکٹ ڈپلومیسی کی حمایت کر دی، ان کے مطابق کھیلوں میں قریبی روابط دوستی کیلیے اہم اور عوام میں بہتر تعلقات کیلیے حوصلہ افزا ثابت ہوسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ماضی میں بھی کرکٹ کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ختم ہوئی اور دوستی پروان چڑھی، سابق کپتان اور موجودہ سیاستدان عمران خان اب ایک بار پھر یہی چاہتے ہیں، انھوں نے پڑوسی ممالک کے درمیان اسپورٹس اور سیاسی تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں عمران خان نے کہاکہ میری ہمیشہ سے یہ رائے رہی کہ عوام کے درمیان روابط بڑھانے کیلیے کرکٹ تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں،اگر پاکستان اور بھارت پُرامن رہیں تو ایک دوسرے سے بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں،اس ضمن میں کرکٹ کا کردار اہم ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا عمران خان نے طویل القامت پیسر محمد عرفان کو میچ ونر قرار دے دیا،انھوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم مجموعی طور پر باصلاحیت ہے لیکن اگر مجھ سے پوچھا جائے کہ ہمارے پاس کون سا ایک بہترین پلیئر ہے جو کسی بھی ٹیم کے پاس نہیں تو میں عرفان کا نام لوں گا، میں نے حال ہی میں وسیم اکرم سے بات چیت کی اور ہم اس بات پر متفق ہیں کہ اگر عرفان پر مناسب توجہ دیتے ہوئے اعلیٰ سطح پر بولنگ کا فن سکھایا جائے تو وہ بہترین پیسر بن سکتے ہیں۔

سابق کپتان نے مزید کہاکہ اگر عرفان اپنی فٹنس پر توجہ دے تو میں اسے آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ میں اہم کردار ادا کرتے دیکھ رہا ہوں۔

متعلقہ عنوان :