باغی عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، سربراہ پاک فوج

بدھ 30 اپریل 2014 22:50

باغی عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، سربراہ ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اپریل۔2014ء) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان دیگر اداروں کے ساتھ دہشتگردی کے سامنے دیوار بن کر کھڑی ہے باغی عناصر قومی دھارے میں شامل ہوکر آئین کو قبول کریں ورنہ ان سے نمٹنے کے لیے کسی شک کی گنجائش نہیں۔جنرل ہیڈ کوارٹر میں یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ افوج پاکستان دفاع وطن کی ضمانت ہے،قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان سول اداروں کے ساتھ مل کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنادیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج طاقت کا سرچشمہ ہیں اور تمام ادارے دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار ہیں، دہشتگردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے ہر کوشش کی حمایت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف بے شمار قربانیاں دیں بلکہ ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ بھی دیا جبکہ ہر آنے والا دن عوام اور فوج کے رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ملک کی تعمیر وترقی اور فلاح کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا ، مہاجرین کی پاکستان آمد اور آبادکاری سے لے کر سوات اور فاٹا کے لوگوں کی گھروں کو واپسی تک پاک فوج کا کردارنمایاں رہا ہے۔ آرمی چیف نے اس موقع پر شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی اور یادگار پر پھول بھی چڑھائے ۔

متعلقہ عنوان :