شعیب ملک اور کامران اکمل سلیکٹرز کے دل سے اُتر گئے

بدھ 30 اپریل 2014 07:53

شعیب ملک اور کامران اکمل سلیکٹرز کے دل سے اُتر گئے

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30اپریل 2014ء) ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد شعیب ملک اورکامران اکمل سلیکٹرز کے دل سے اُتر گئے،کنڈیشننگ کیمپ کیلیے اعلان کردہ 36 کرکٹرز کی فہرست میں عبدالرزاق کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔ عاطف مقبول کی صورت میں ایک نیا چہرہ موجود ہوگا، ون ڈے ٹیم سے ڈراپ یونس خان کو بھی طلب کر کے سہانے خواب دکھا دیے گئے۔

چیف سلیکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کیلیے منصوبہ بندی شروع کردی، سخت جان کرکٹرز درکار ہیں، ماضی میں تشویش کا باعث بننے والی فٹنس پر خاص توجہ دینگے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اولین اجلاس کے بعد6 مئی سے لاہور میں شروع ہونیوالے سمر کیمپ کیلیے 36کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔

(جاری ہے)

سابق کپتان شعیب ملک، وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور پہلے سے نظر انداز عبدالرزاق ابتدائی فہرست میں بھی جگہ نہ بنا سکے، فٹنس مسائل کا شکار فاسٹ بولرز محمد عرفان اور عمر گل کو شامل کرلیا گیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر معین نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے حکمت عملی تیار کرلی، ٹیم ورک سے ہدف کا حصول ممکن بنائینگے،انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں چند ماہ باقی اور ہمیں سخت جان کرکٹرز کی ضرورت ہے، ماضی کے مسائل سے چھٹکارے کیلیے فارغ وقت کے دوران کیمپ میں پلیئرز کی فٹنس پر بھر پور توجہ دی جائیگی، انھوں نے کہا کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20میں بلاشبہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ رہی، شعیب ملک اور کامران اکمل کو ناقص فارم اور فٹنس کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا۔

آل راؤنڈر عبدالرزاق پہلے ہی ان مسائل کا شکار تھے، البتہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان پر ٹیم کے دروازے بند ہوگئے، ڈومیسٹک سیزن میں اچھی کارکردگی دکھاکریہ سب کم بیک کرسکتے ہیں،معین خان نے کہا کہ کیمپ کے پہلے مرحلہ میں ایسے کھلاڑیوں کا بھی انتخاب کیا گیا جو ماضی میں نظر انداز ہوتے رہے یا مواقع دیے بغیر ڈراپ کر دیے گئے تھے، زیادہ سے زیادہ پلیئر کو کیمپ کا حصہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، چیف سلیکٹر نے کہا کہ اگست کے دوسرے ہفتہ سے شروع ہونے والے کیمپ کے دوسرے مرحلہ میں 25 کھلاڑیوں کا انتخاب ہو گا، بورڈ سے این او سی حاصل کرکے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے کرکٹرز حتمی سلیکشن میں زیر غور آئینگے۔

معین خان نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کھلاڑیوں میں ذہنی پختگی کا فقدان ہے جس کو دور کرنے کیلیے کام کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ یونس خان 6 یا 8ماہ سے ون ڈے اسکواڈ سے باہر ہیں، دیکھتے ہیں کہ اب کیسی فارم اور فٹنس کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ کیمپ کیلیے منتخب 36 کرکٹرز میں 8 اوپنرز احمد شہزاد، ناصر جمشید، شرجیل خان، توفیق عمر، شان مسعود، عمران فرحت، یاسر حمید اور خرم منظور،9مڈل آرڈر بیٹسمین مصباح الحق،اسد شفیق، یونس خان، عمر اکمل، اظہر علی، فیصل اقبال، صہیب مقصود، حارث سہیل اور فواد وعالم، 4 آل راؤنڈرز محمد حفیظ، شاہد خان آفریدی، انور علی اور بلاول بھٹی، 5 اسپنرز عبدالرحمان، ذوالفقار بابر، رضا حسن، عاطف مقبول اور یاسر شاہ،8فاسٹ بولر عمر گل، محمد طلحہٰ، احسان عادل، محمد عرفان، وہاب ریاض، راحت علی، سہیل تنویر اور محمد سمیع، 2 وکٹ کیپرسرفراز احمد اور عدنان اکمل شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :