جنوبی وزیرستان:ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، 3 اہلکار شہید,طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

بدھ 30 اپریل 2014 06:43

جنوبی وزیرستان:ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، 3 اہلکار شہید,طالبان نے ذمہ ..

جنوبی وزیرستان(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30اپریل 2014ء) جنوبی وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔کالعدم تحریک طالبان نے بم حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے. ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے شکتوئی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول دھماکہ کیا گیا ۔

دھماکہ خیزمواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔فورسز کی گاڑی جیسے ہی قریب پہنچی اسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑا دیا گیا ۔ دھماکے میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے ۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور تحریک طالبان میں جھڑپوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق گزشتہ تین دن سے سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بارودی مواد سے اڑانے کے بعد جنوبی وزیرستان کی تحصیل شکتوئی اور بابڑ میں دونوں اطراف سے گولہ باری کاسلسلہ شروع ہو گیاہے۔ طالبان نے دعویٰ کیاہے کہ سکیورٹی فورسز نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ اور پندرہ سے زائد عام لوگوں کو زخمی کر دیا ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں طالبان کے اہم کمانڈر امیر حمزہ سمیت کئی اہم کمانڈر ہلاک ہوگئے ہیں۔

تاہم جنوبی وزیرستان کے ترجمان اعظم طارق نے نا معلوم مقام سے ٹیلی فون کرکے فون بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے سیز فائر کے درمیان بھی ہمارے دو درجن سے زائد ہمارے ساتھیوں کوہلاک کیا ہے جس سے حکومت کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دن سے طالبان نے مختلف مقامات پر دھماکے کئے جس میں کئی سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے ہیں ہم اسکی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔