بجلی کی طلب 13850میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گئی ،شہری اور دیہی علاقوں میں 12سے 19گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے لوڈ شیڈنگ کے باعث ممکنہ عوامی رد عمل سے بچنے کیلئے سکیورٹی انتظامات شروع کردئیے

منگل 29 اپریل 2014 17:28

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29اپریل 2014ء) موسم کی شدت بڑھنے کے ساتھ بجلی کی طلب میں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے ،طلب 13850میگا واٹ کی سطح پر پہنچنے کے بعد طلب اور رسد میں فرق 2600میگا واٹ کی پر پہنچ گیا ،بڑے شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12سے 14گھنٹے تک پہنچ گیا جبکہ دیہی علاقوں میں صورتحال انتہائی ابتر ہو گئی ، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ٹیوب ویلز بند رہنے سے بعض علاقوں میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا جسکے خلاف شہریوں نے احتجاج بھی کیا ،بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے لوڈ شیڈنگ کے باعث ممکنہ عوامی رد عمل سے بچنے کیلئے سکیورٹی انتظامات بھی شروع کردئیے ۔

این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ہائیڈل سے 3920‘تھرمل سے 1680اور آئی پی پیز سے 5650میگا واٹ بجلی کی پیداوار حاصل ہوئی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بجلی کی کل پیداوار11250جبکہ طلب بڑھ کر 13850میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گئی ۔ شارٹ فال بڑھنے سے مختلف شہروں علاقوں میں 12سے 14جبکہ دیہی علاقوں میں 17سے 19گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔ بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے اور مختلف مقامات پر تاجروں اور شہریوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے حکومت سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی کا مطالبہ کیا ۔

بجلی کی بندش سے سرکاری ٹیوب ویل بند ہونے سے پانی کا بحران بھی جاری ہے اور اندرون لاہور، محمد نگر، شاد باغ سمیت دیگر مقامات پر شہریوں نے احتجاج کیا ۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے لوڈ شیڈنگ کے باعث ممکنہ عوامی رد عمل سے بچنے کیلئے سکیورٹی انتظامات بھی شروع کر دئیے ہیں اور اس سلسلہ میں داخلی دروازوں پر سکیورٹی انتظامات سخت کر دئیے گئے ہیں۔

بجلی کی طلب 13850میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گئی ،شہری اور دیہی علاقوں میں ..

متعلقہ عنوان :